کانگریس کی ناکام حکمرانی،تلنگانہ مالی بحران کی شکار: تارک راما راو
حیدرآباد میں پیر کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال ریاست 10 ہزار 583 کروڑ روپے کے ریونیو خسارے کا سامنا کر رہی ہے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاست شدید مالی بحران میں ہے اور اس کی اصل وجہ کانگریس حکومت کی ناکام حکمرانی ہے۔
حیدرآباد میں پیر کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال ریاست 10 ہزار 583 کروڑ روپے کے ریونیو خسارے کا سامنا کر رہی ہے۔
کے ٹی آر نے کہا کہ پَن غیر محصولی آمدنی میں زبردست کمی آئی ہے اور بجٹ میں طے شدہ تخمینہ کے مقابلے اب تک صرف 3.37 فیصد ہی وصولی ہوئی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے نہ کوئی فلاحی اسکیم نافذ کی، نہ کوئی پروجیکٹ تعمیر کیا اور نہ ہی طلبہ کو معیاری کھانا فراہم کیا، اس کے باوجود قرض لے کر آخر کر کیا رہی ہے، یہ عوام کے سامنے واضح کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف رواں مالی سال میں ہی حکومت نے 20 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے قرض لیے ہیں۔ کے ٹی آر نے مطالبہ کیا کہ ریاست کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے حکومت کے پاس اگر کوئی منصوبہ ہے تو عوام کو اس سے آگاہ کرے۔