قومیسوشیل میڈیا

یومِ آزادی پر متنازعہ ڈرامہ، مسلم لڑکیوں کو برقعہ میں دہشت گرد دکھایا گیا

گجرات کے ضلع بھاونگر میں واقع کمبھارواڑہ اسکول میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک متنازعہ ڈرامہ پیش کیا گیا، جس نے ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس ڈرامہ میں چند طالبات کو برقعہ پہنا کر دہشت گردوں کے روپ میں پیش کیا گیا۔

گاندھی نگر: گجرات کے ضلع بھاونگر میں واقع کمبھارواڑہ اسکول میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک متنازعہ ڈرامہ پیش کیا گیا، جس نے ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس ڈرامہ میں چند طالبات کو برقعہ پہنا کر دہشت گردوں کے روپ میں پیش کیا گیا۔

ڈرامہ کے دوران نہ صرف کشمیری حالات پر گانا سنایا گیا بلکہ پس منظر میں چلائی گئی ایک آڈیو کلپ میں پہلگام میں ہونے والی ہلاکتوں کا ذکر بھی کیا گیا۔

ویڈیو منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ لوگوں نے اس عمل کو اسلاموفوبیا کو ہوا دینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیا۔ مختلف حلقوں نے سوال اٹھایا کہ یومِ آزادی جیسے قومی جشن پر نفرت اور تعصب کو فروغ دینے کی بجائے اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا جانا چاہئے تھا۔

مقامی لوگوں اور سماجی کارکنوں نے اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ڈرامہ نہ صرف معصوم بچوں کے ذہنوں کو متاثر کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں بداعتمادی اور تقسیم کو بھی بڑھاتے ہیں۔

اس واقعہ نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو کس طرح کے پیغامات دئے جا رہے ہیں اور کس طرح فرقہ وارانہ سوچ کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔