شمال مشرق

ملاپورم ایرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں زیادہ تر مسلمان ملوث، کے ٹی جلیل کے بیان پر تنازعہ

چیف منسٹر پی وجین نے مسلم اکثریتی ضلع ملاپورم کے تعلق سے حال میں مبینہ متنازعہ ریمارکس کئے تھے، جس پر سیاسی تنازعہ تھما ہی نہیں کہ کے ٹی جلیل کا یہ بیان سامنے آگیا۔ جلیل نے کہا کہ عیسائیوں کو غلط کام کرنے والے عیسائیوں کی مخالفت کے لئے آگے آنا چاہئے۔

ترواننت پورم: بایاں بازو رکن اسمبلی کے ٹی جلیل نے اتوار کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ ضلع ملاپورم کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث افراد میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ اور ناراض رکن اسمبلی پی وی انور نے اس پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا۔

متعلقہ خبریں
شکیب الحسن نئی مصیبت میں پھنس گئے
کیرالا میں مسلم لیگ کو لوک سبھا کی 2نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا
مسلم تحفظات کے30 سال کی تکمیل، محمد علی شبیر کو تہنیت پیش کی جائے گی:سمیر ولی اللہ
کجریوال کے غیاب میں آتشی 15اگست کو ترنگا لہرائیں گی
فلم ڈبل اسمارٹ کے آئٹم سانگ میں کے سی آر کی آواز کا استعمال۔ ایل بی نگر پولیس میں شکایت

تفصیلی فیس بک پوسٹ میں برسراقتدار جماعت کے رکن اسمبلی نے کہا کہ سونے کی اسمگلنگ اور حوالہ جیسے جرائم میں ملوث مسلمانوں کی بڑی تعداد اِن سرگرمیوں کو ”غیرشرعی“ نہیں سمجھتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم فرقہ کے رہنما مسلمانوں میں بے داری لائیں کہ ایسے جرائم میں ملوث ہونا ٹھیک نہیں۔

ریاستی چیف منسٹر پی وجین نے مسلم اکثریتی ضلع ملاپورم کے تعلق سے حال میں مبینہ متنازعہ ریمارکس کئے تھے، جس پر سیاسی تنازعہ تھما ہی نہیں کہ کے ٹی جلیل کا یہ بیان سامنے آگیا۔ جلیل نے کہا کہ عیسائیوں کو غلط کام کرنے والے عیسائیوں کی مخالفت کے لئے آگے آنا چاہئے۔

 اسی طرح مسلمانوں کو اپنے فرقہ کے غلط کام کرنے والوں کی مخالفت کرنی چاہئے۔ ہندوؤں کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئے۔ ایسا نہیں کیا گیا تو دوسرے مذاہب والے اس کی غلط تشریح کریں گے اور انہیں نیچادکھائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کڑی پور انٹرنیشنل ایرپورٹ (ملاپورم) میں سونے کی اسمگلنگ میں پکڑے جانے والے زیادہ تر مسلمان ہوتے ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے جلیل پر تنقید کی اور کہا کہ ان کا تبصرہ انتہائی ہتک آمیز ہے۔ آئی یو ایم ایل قائد پی ایم اے سلام نے پوچھا کہ جلیل کو یہ جانکاری کہاں سے ملی؟۔

 کس بنیاد پر وہ ایسا کہہ رہے ہیں؟۔ انہوں نے حیرت ظاہر کی کہ ایک شخص سارے فرقہ پر الزام دھرنے کا ایسا موقف کیسا اختیار کرسکتا ہے۔ سلام نے کہا کہ جلیل کی زندگی میں اکتاہٹ، مایوسی اور بوکھلاہٹ ہوسکتی ہے، لیکن انہیں اس کی وجہ سے سارے مسلم فرقہ کو بدنام نہیں کرنا چاہئے۔

چیف منسٹر وجین ملاپورم کے تعلق سے نامناسب ریمارکس کی تردید کرچکے ہیں۔ قبل ازیں اپوزیشن کانگریس نے وجین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے حالیہ انٹرویو کے ذریعہ اکثریتی فرقہ پرستی کی خوشامد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

 وجین کے تعلق سے کہا گیا تھا کہ انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ ضلع ملاپورم میں سونے کی اسمگلنگ اور حوالہ کیسس عام ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر نے بعد ازاں ایسے ریمارکس کی تردید کردی تھی۔

a3w
a3w