شائنا این سی کو ”مال“ کہنے پر تنازعہ (ویڈیو)
شیوسینا(یو بی ٹی) کے ایک رکن پارلیمنٹ نے شیوسینا کی خاتون امیدوار حلقہ جنوبی ممبئی کو ”مال“ کہہ کر تنازعہ پیدا کردیا لیکن بعدازاں انہوں نے یہ کہتے ہوئے پسپائی اختیار کی کہ خاتون امیدوار نے انہیں غلط سمجھا ہے۔
ممبئی (آئی اے این ایس)شیوسینا(یو بی ٹی) کے ایک رکن پارلیمنٹ نے شیوسینا کی خاتون امیدوار حلقہ جنوبی ممبئی کو ”مال“ کہہ کر تنازعہ پیدا کردیا لیکن بعدازاں انہوں نے یہ کہتے ہوئے پسپائی اختیار کی کہ خاتون امیدوار نے انہیں غلط سمجھا ہے۔
2 دن قبل انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات چیت میں شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ حلقہ جنوبی ممبئی اروند ساونت سے حریف شیوسینا امیدوار شائنا ناناچڈاسمہ (شائنا این سی) کی جیت کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ وہ کانگریس کے 3 مرتبہ رکن اسمبلی رہے امین پٹیل کا حلقہ ممبادیوی سے مقابلہ کررہی ہیں۔
شائنا این سی کئی سال سے بی جے پی قائد رہیں لیکن نشستوں کی تقسیم کے فارمولہ کے تحت انہیں شیوسینا میں شامل ہونا پڑا اور انہیں باوقار ممبادیوی کی نشست دی گئی جہاں سے ان کا مقابلہ کانگریس کے طاقتور قائد امین پٹیل اور بی جے پی کے مضبوط باغی اتل ایچ شاہ سے ہے۔
اروند ساونت نے امین پٹیل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”یہاں پہ امپورٹیڈ مال نہیں چلے گا‘ یہاں پہ اوریجنل مال چلتا ہے اور وہ ہمارے پاس ہے امین پٹیل“۔ امین پٹیل اس وقت مسکرارہے تھے۔ فحش زبان میں آئٹم کو مال کہا جاتا ہے۔
شائنا این سی نے یہ کہتے ہوئے پلٹ وار کیا کہ ہم بی جے پی والوں نے اروند ساونت کے لئے مہم چلائی تھی اور وہ ہماری طاقت پر منتخب ہوئے تھے۔ میں ممبئی کی لاڈلی بیٹی ہوں اور شہر کے لوگوں کے لئے کام کررہی ہوں۔ مجھے ساونت یا شیوسینا (یو بی ٹی) کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
اروند ساونت نے کہا کہ شائنا این سی نے میرے تبصرہ کو غلط سمجھا ہے‘ مال کا مطلب سامان بھی ہوتا ہے۔ میں نے بدنیتی سے ایسا نہیں کہا۔ ممبادیوی (سابقہ عمرکھاڑی) اقلیتی غلبہ والا علاقہ ہے۔ اس حلقہ سے 2009 میں امین پٹیل منتخب ہوئے تھے۔
2014 اور 2019 میں بی جے پی کی لہر کے باوجود وہ یہاں سے دوسری اور تیسری مرتبہ منتخب ہوئے۔ پہلے یہ حلقہ بھگوا خیمہ کا گڑھ تھا۔ باغی بی جے پی امیدوار اتل ایچ شاہ ووٹ کٹوا ثابت ہوسکتے ہیں اسی لئے انہیں سمجھا بجھاکر میدان سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ شائنا این سی کی جیت یقینی ہو۔