ایس وی پی نیشنل پولیس اکیڈیمی میں نئے آئی پی ایس بیاچ کا کانووکیشن، امیت شاہ کی شرکت اور خطاب
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج حیدرآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی میں 75 RR انڈین پولیس سروس (IPS) بیچ کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کیا۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج حیدرآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی میں 75 RR انڈین پولیس سروس (IPS) بیچ کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کے گورنر، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائرکٹر انٹیلی جنس بیورو اور ڈائرکٹر سی بی آئی سمیت کئی معززین موجود تھے۔
وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن 75 RR کے تربیت یافتہ افراد کے لیے بہت اہم دن ہے کیونکہ یہ وہ خوش نصیب افسران ہیں جو ملک کی آزادی کی صد سالہ تقریب کے دوران کہیں نہ کہیں ہندوستانی پولیس نظام کی اعلیٰ قیادت میں شامل ہوں گے۔ ملک کی اندرونی سلامتی ان کے ہاتھ میں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے اس امرت مہوتسو کے 75ویں بیچ کی تاریخی اہمیت ہوگی، جو قسمت نے انہیں دی ہے اور یہ افسران اپنی محنت، وفاداری، قربانی اور ملک کے تئیں لگن کی وجہ سے اس موقع کو مزید تاریخی بنائیں گے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ جہاں یہ افسران ملک کی مختلف ریاستوں کے پولیس دستوں کی قیادت کریں گے، وہیں قوم کو ہمیشہ اس بات پر فخر کرنا چاہیے کہ 75ویں آر آر بیچ کے تمام تربیت یافتہ افراد نے اپنے 25 برسوں کی سروس کے دوران ملک کی اندرونی سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
75 ویں RR بیچ کے ٹرینی افسران وزیر اعظم نریندر مودی کے امرتکال کی قرارداد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جب ملک اپنی آزادی کی صد سالہ جشن منائے گا تو ملک تمام شعبوں میں دنیا کی قیادت کر رہا ہو گا اور ان تمام افسران کا بھی اس میں بہت اہم رول ہوگا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے اس اکیڈمی کو آگے لے جانے کے لیے بہت سوچ سمجھ کر اس کی بنیاد رکھی ہے۔ آج ہمارا ملک بھی آزادی کے 75 سال مکمل کر کے لافانی دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے 130 کروڑ عوام کو امرت کال کے لیے پکارا ہے کہ یہ امرت کال ایک قرارداد لینے اور اسے کامیابی میں تبدیل کرنے کا وقت ہے۔
امیت شاہ نے کہا کہ یہ 25 سال ملک کو ہر میدان میں دنیا میں اولین بنانے اور دنیا میں اپنا صحیح اور شاندار مقام قائم کرنے کے 25 سال ہیں اور امرتکال کے دوران ملک کی اندرونی سلامتی، سرحدوں کی حفاظت اور تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے اہم ہیں۔ امن و امان کو یقینی بنانے میں ان افسران کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سے جانے کے بعد ان افسران کو اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ملک میں آئین کا نفاذ ہو اور تمام لوگوں کو اس کے فراہم کردہ حقوق حاصل ہوں۔
مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ ملک کے پہلے وزیر داخلہ اور مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل نے نہ صرف اس ملک کو متحد کیا بلکہ اسے متحد رکھنے کے لئے انہوں نے بہت سے کام بھی کئے۔
انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل نے ملک کی 550 سے زیادہ شاہی ریاستوں کو ضم کرکے نہ صرف ایک متحدہ ہندوستان بنایا بلکہ آئی پی ایس کیڈر شروع کرکے ایک مضبوط نظام کا آغاز کیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے کہا تھا کہ اگر وفاقی حکومت کے پاس ایک اچھی آل انڈیا سروس نہیں ہوتی، جس میں اپنے خیالات کے اظہار کی آزادی ہوگی، تو وفاق کا وجود ہی نہیں ہوتا۔ یہ جملہ آئی پی ایس کیڈر کے لیے ایک انتہائی اہم جملے کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل نے اس ادارے کے بارے میں کہا تھا کہ اس کے پاس پیچھے مڑ کر دیکھنے کے لیے کچھ نہیں ہے لیکن آنے والی نسلوں کے لیے ایک روایت قائم کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ جب یہ اکیڈمی قائم ہوئی تو اس کی کوئی تاریخ نہیں تھی لیکن ان 75 برسوں میں یہاں سے فارغ التحصیل آئی پی ایس افسران نے ملک کی داخلی اور سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک روشن، قربانی کے جذبے سے بھرپور اور شاندار تاریخ رقم کی ہے۔
آج یہاں سے پاس آؤٹ ہونے والے 75ویں بیچ کے ٹرینیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تاریخ کو آگے لے جائیں اور اس میں کئی سنہرے ابواب کا اضافہ کریں۔
آج یہاں سے 175 ٹرینی بنیادی کورس مکمل کرنے کے بعد فارغ التحصیل ہوں گے جن میں بھوٹان، مالدیپ، ماریشس اور نیپال کے 20 غیر ملکی افسران شامل ہیں۔ ان کل 175 ٹرینی افسران میں 34 خواتین افسران بھی شامل ہیں۔