حیدرآباد

بی جے پی کو بدنام کرنے کے سی آر نے ڈرامہ تیار کیا: بنڈی سنجے

بنڈی سنجے نے کہا کہ اس مسئلہ پر وہ ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے ان کا اور ان کی پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

حیدرآباد: صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے نے آج کہا کہ ٹی آر ایس کے 14 ارکان اسمبلی کو خرید نے کا بی جے پی پر الزام بعیداز حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ منگوڈ کے ضمنی الیکشن سے قبل چیف منسٹر کے سی آر نے بی جے پی کو بدنام کرنے کیلئے یہ ڈرامہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 14ارکان اسمبلی، پرگتی بھون، فارم ہاوز کے سی سی فوٹیج کو منظر عام پر لایا جائے بنڈی سنجے نے منگوڈ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتہ پرگتی بھون کو ن کون آیا تھا، کے سی آر نے دہلی میں کس سے ملاقات کی تھی اس کاانکشاف ہونا چاہئے۔

 انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر وہ ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے ان کا اور ان کی پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ28/ اکتوبر کو صبح9بجے تا 10بجے دن یادادری مندر میں آئیں گے۔چیف منسٹر کو اس مسئلہ پر قسم کھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے اس طرح کے سیاسی ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ15کروڑ روپے کی رقم ملنے کا بیان دیا ہے، مگر اس رقم کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔