تعلیم و روزگارحیدرآباد

ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کورسس میں کریڈٹ سسٹم نافذ

تلنگانہ کونسل آف ہائر ایجوکیشن نے آئندہ تعلیمی سال سے تمام یو جی اور پی جی کورسز میں کریڈٹ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت موجودہ گریڈنگ سسٹم کی جگہ نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔

حیدرآباد ـ منصف نیوز بیورو | تلنگانہ میں اب تک انجینئرنگ اور دیگر پیشہ ورانہ کورسز میں رائج کریڈٹ سسٹم کو ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کورسز میں بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تلنگانہ کونسل آف ہائر ایجوکیشن نے آئندہ تعلیمی سال سے تمام یو جی اور پی جی کورسز میں کریڈٹ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت موجودہ گریڈنگ سسٹم کی جگہ نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔ اس نظام کے مطابق تین سالہ ڈگری مکمل کرنے کے لیے کم از کم 120 کریڈٹس، چار سالہ آنرز ڈگری کے لیے 160 کریڈٹس اور پوسٹ گریجویٹ کورسز میں کامیابی کے لیے کم از کم 80 کریڈٹس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

یہ فیصلہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلروں نے اس تجویز کو منظوری دی۔ ہفتہ کے روز ریاستی کونسل آف ہائر ایجوکیشن کے دفتر میں چیئرمین پروفیسر وی بالاکشتا ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق اہم تعلیمی اور پالیسی امور پر بھی تبادلہ? خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی ٹیک کی طرز پر مائنر ڈگریاں، کریڈٹ اسٹرکچر، کریڈٹ ٹرانسفر سسٹم، ملٹی ڈسپلنری پروگرام اور ملٹی پل انٹری و ملٹی پل ایگزٹ نظام کے نفاذ کے لیے روایتی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو رہنما خطوط تیار کرے گی۔

نئے نظام کے تحت اگر کوئی طالب علم ڈگری کے پہلے سال کے بعد تعلیم چھوڑ دیتا ہے تو اسے سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جبکہ دوسرے سال کے بعد چھوڑنے پر ڈپلومہ فراہم کیا جائے گا اور بعد میں کسی بھی وقت تعلیم دوبارہ جاری رکھ کر تین سالہ ڈگری مکمل کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔

مزید برآں اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تعلیمی سال 2026-27 سے یو جی اور پی جی کورسز میں قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 پلس نظام نافذ کیا جائے گا۔ چیئرمین پروفیسر وی بالاکشتا ریڈی کے مطابق این ای پی کی بہترین پالیسیوں کے ساتھ ریاستی ضروریات کے مطابق دیگر اصلاحات کو شامل کرتے ہوئے اسے“این ای پی پلس”کے نام سے نافذ کیا جائے گا۔