کوا انسانوں کی طرح باتیں کرنے لگا، ناقابل یقین ویڈیو نے سب کو حیرانی میں ڈال دیا
پالگھر کے ایک دیہی علاقے میں رہنے والے منگلیا منکے نامی شخص نے ایک زخمی کوے کو درخت کے نیچے پایا اور اس کی دیکھ بھال کے لیے اسے اپنے گھر لے آیا۔

ممبئی: مہاراشٹر کے ضلع پالگھر سے ایک دلچسپ اور حیران کن ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں ایک کوا انسانوں کی طرح باتیں کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کو حیرت میں ڈال رہی ہے۔
عموماً طوطوں کو انسانوں کی نقالی کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے، لیکن ایک کوے کا اس انداز میں بات کرنا نہایت ہی غیر معمولی اور حیران کن واقعہ ہے۔
پالگھر کے ایک دیہی علاقے میں رہنے والے منگلیا منکے نامی شخص نے ایک زخمی کوے کو درخت کے نیچے پایا اور اس کی دیکھ بھال کے لیے اسے اپنے گھر لے آیا۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہ کوا منکے خاندان کا حصہ بن گیا۔ گھر کے بچوں کے ساتھ کھیلنے، کندھوں پر بیٹھنے اور اردگرد گھومنے والے اس پرندے نے آہستہ آہستہ انسانوں کی آوازیں دہرانا شروع کر دیں۔
ڈیڑھ سال کی عمر کا یہ کوا اب واضح طور پر مراٹھی زبان میں الفاظ بولتا ہے، جیسے "آئی” (ماں)، "بابا”، "تم گھر کیوں آئے ہو؟” اور "آپ کیا کر رہے ہیں؟”۔ اس کی زبان کی روانی سن کر اکثر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔
منکے خاندان کا کہنا ہے کہ جب کوئی اجنبی ان کے گھر آتا ہے تو کوا اس سے پوچھتا ہے: "تمہارا کام کیا ہے؟”۔ یہی نہیں، جب گھر کا کوئی فرد کسی دوسرے کو آواز دیتا ہے تو کوا بھی اس کا نام دہرا کر اس آواز میں شامل ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوا دن کے وقت دیگر کووں کے ساتھ اُڑتا ہے، لیکن شام ہوتے ہی ہمیشہ گھر واپس آ جاتا ہے۔ خاندان کے مطابق، وہ نہ تو کہیں دور بھٹکتا ہے اور نہ ہی جنگل کی طرف جاتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اُسے اپنی اصل جگہ اور تعلق کا مکمل احساس ہے۔
یہ حیران کن واقعہ نہ صرف سوشل میڈیا صارفین کے لیے دلچسپی کا باعث بنا ہے بلکہ جانوروں اور پرندوں کی ذہانت پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔