قومی

ملک کی موجودہ صورتحال ایمرجنسی سے بھی بدتر: لالوپرساد یادو

آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے دور میں ملک کی موجودہ صورتحال ایمرجنسی کے وقت سے بھی بدتر ہے۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے دور میں ملک کی موجودہ صورتحال ایمرجنسی کے وقت سے بھی بدتر ہے۔

سابق چیف منسٹر بہار ووٹ ادھیکار یاترا میں حصہ لینے کیلئے سہسرام روانگی سے قبل پٹنہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی موجودہ صورتحال کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں جو ایمرجنسی دور سے بھی بدتر ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ راہول گاندھی بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

لالوپرساد یادو اپنے بیٹے تیجسوی یادو کے ساتھ سہسرام روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض بنتا ہے کہ وہ جمہوریت اور دستور کا تحفظ کرے۔ دستور ہر شہری کو ووٹ کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ بی جے پی اور اس کے حلیف یہ حق چھین لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

ہم پراعتماد ہیں کہ ہمیں اس یاترا میں بہار کی جنتا کا آشیرواد ملے گا۔ 25جون 1975ء کو اس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی نے ملک میں ایمرجنسی لگادی تھی جو 21مارچ 1977ء کو برخواست ہوئی تھی۔