قومی

65 لاکھ ووٹرس کے نام کاٹنا دہشت گردی سے بدتر: ایم کے اسٹالن (ویڈیو)

چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے چہارشنبہ کے دن زور دے کر کہا کہ اگر الیکشن آزادانہ و منصفانہ ہوا تو انڈیا بلاک‘ بہار اسمبلی الیکشن جیت لے گا۔ انہوں نے فہرست ِ رائے دہندگان سے ووٹرس کے نام کاٹے جانے کو دہشت گردی سے بدتر قراردیا۔

مظفر پور(بہار) (پی ٹی آئی) چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے چہارشنبہ کے دن زور دے کر کہا کہ اگر الیکشن آزادانہ و منصفانہ ہوا تو انڈیا بلاک‘ بہار اسمبلی الیکشن جیت لے گا۔ انہوں نے فہرست ِ رائے دہندگان سے ووٹرس کے نام کاٹے جانے کو دہشت گردی سے بدتر قراردیا۔

ڈی ایم کے صدر اپنی بہن اور پارٹی رکن پارلیمنٹ کنی مولی کے ساتھ مشرقی ریاست آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے کانگریس قائدین راہول گاندھی‘ پرینکا گاندھی‘ آر جے ڈی کے تیجسوی یادو اور سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ کے ساتھ مظفر پور میں ووٹر ادھیکار ریالی میں حصہ لیا۔ مظفر پور شمالی بہار کا بڑا ٹاؤن ہے۔ اسٹالن نے ٹامل میں تقریر کی جس کا ہندی میں ترجمہ کیا گیا۔

اس موقع پر بھیڑ میں کافی جوش و خروش تھا۔ اسٹالن نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ سے سارا ملک بہار پر نظریں لگائے ہوئے ہے۔ الیکشن کمیشن ریموٹ کنٹرول کٹھ پتلی بن گیا ہے۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو نے سوال کیا کہ 65 لاکھ افراد کے نام کاٹنا کیا دہشت گردی سے بدتر نہیں ہے؟۔

ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ آپ راہول گاندھی کو ڈرا نہیں سکتے۔ میں نے راہول اور تیجسوی کی دوستی دیکھی ہے جنہوں نے حال میں موٹرسیکل چلائی تھی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اگر الیکشن آزادانہ و منصفانہ ہوا تو بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو شکست ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اسمبلی الیکشن میں انڈیا بلاک کی جیت کے بعد تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے یہاں ضرور آؤں گا۔

بہار وہ دھرتی ہے جہاں انڈیا بلاک کی بنیاد رکھی گئی اور اس اتحاد نے بی جے پی کو 240 نشستوں تک محدود کردینے میں کامیابی حاصل کی جبکہ وہ گزشتہ برس کے لوک سبھا الیکشن میں 400 پار کا دعویٰ کررہی تھی۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو میں اپنی تقریر کی شروعات اپنے والد آنجہانی ایم کروناندھی اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کی۔