جوبلی ہلز کے مشہور شوروم میں خطرناک آگ
شہر حیدرآبادکے سب سے مصروف اور پوش علاقہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 پر واقع منگل گوری شو روم میں جمعرات کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد آس پاس کے دکانداروں اور مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حیدرآباد: شہر حیدرآبادکے سب سے مصروف اور پوش علاقہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 پر واقع منگل گوری شو روم میں جمعرات کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد آس پاس کے دکانداروں اور مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں وہاں پر پہنچیں اور شعلوں پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث جوبلی ہلز کی اہم سڑک پر ٹریفک کی آمد ورفت مکمل طور پر تھم گئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے ٹریفک کی نقل وحرکت کو بہتر بنایا تاکہ فائر بریگیڈس بغیر کسی رکاوٹ کے عمارت تک پہنچ سکیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پوری فضا سیاہ دھوئیں کی لپیٹ میں آگئی تھی جس کی وجہ سے دور دور تک کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت میں اضافہ کی بڑی وجہ شو روم کا سامنے کا حصہ ہے ۔ شیشے اور دیگر سجاوٹی سامان سے شعلے مزید بلند ہوئے۔
فائر فائٹرس اور پولیس کی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ آگ کو متصل عمارتوں تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم بڑے پیمانہ پر مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کر رہے ہیں۔