بیٹی کا والدین کے ساتھ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی کار کا سفر
اپوروا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح وہ اپنے والدین کو ’’ویمو‘‘ ڈرائیور لیس کار میں لے گئیں۔ جیسے ہی گاڑی پہنچی تو اس نے خود بخود ان لاک کر لیا۔ والدین آرام سے بیٹھ گئے اور اپوروا نے صرف اسٹارٹ بٹن دبایا
سان فرانسسکو: موجودہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں جب ہر دن کوئی نہ کوئی نئی ایجاد لوگوں کو حیران کر دیتی ہے، ایسے میں ایک ہندوستانی خاتون نے اپنے والدین کو ایک یادگار اور انوکھا تجربہ کرایا۔ اپو ر وا بیندرے نامی انڈین نژاد خاتون نے اپنے والدین کو ڈرائیور لیس کار (Waymo) میں سیر کرائی اور والدین کا یہ دل کو چھو لینے والا ردعمل سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اپوروا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح وہ اپنے والدین کو ’’ویمو‘‘ ڈرائیور لیس کار میں لے گئیں۔ جیسے ہی گاڑی پہنچی تو اس نے خود بخود ان لاک کر لیا۔ والدین آرام سے بیٹھ گئے اور اپوروا نے صرف اسٹارٹ بٹن دبایا، جس کے بعد کار بغیر کسی ڈرائیور کے، شہر کی سڑکوں پر چلنے لگی۔۔
اپوروا نے لکھا: ’’میں نے اپنے والدین کو ویمو میں سیر کرائی اور یہ تجربہ نہایت شاندار رہا۔ یہ سواری نہ صرف محفوظ تھی بلکہ مجھے تو یہ عام ڈرائیور سے کہیں زیادہ قابلِ بھروسہ لگی۔‘‘
پوری سواری کے دوران اپوروا کے والدین نہایت خوش اور پرجوش نظر آئے۔ ان کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ لمحہ ان کے لئے کتنا نیا اور دلچسپ تھا۔ ان کا یہ ردعمل دیکھ کر سوشیل میڈیا صارفین نے بھی بے شمار تبصرے کئے۔ کچھ نے خوش مزاجی میں سوال کیا کہ جب کار ڈرائیور لیس ہے تو اس میں اسٹیئرنگ وہیل آخر کیوں موجود ہے؟
یہ تجربہ والدین کے لئے اتنا شاندار ثابت ہوا کہ پہلی 15 منٹ کی سواری کے بعد انہوں نے فوری طور پر ایک اور رائیڈ بھی بک کرلی۔ اپوروا نے کہا کہ انہیں یہ سواری نہ صرف آرام دہ لگی بلکہ ڈرائیور سے زیادہ محفوظ محسوس ہوئی۔
اپوروا بیندرے سوشیل میڈیا پر مشہور کنٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ وہ ڈانس کور ویڈیوز اور تخلیقی مواد شیئر کرتی رہتی ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 28 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔ ان کا یہ وائرل ویڈیو صرف ٹیکنالوجی کی کامیابی ہی نہیں بلکہ ایک بیٹی کی جانب سے اپنے والدین کو دیا گیا انمول اور یادگار تحفہ بھی ہے۔