شمالی بھارت

گردن میں لوہے کی سلاخ آر پار ہوجانے سے وِنڈو سیٹ پر بیٹھے شخص کی موت

یہ واقعہ آج صبح 8:45 بجے نارتھ سنٹرل ریلوے کے پریاگ راج ڈیویژن میں ڈنور اور سومنا کے درمیان نیلاناچل ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا جو دہلی سے کانپور جارہی تھی۔

نئی دہلی: پریاگ راج (الہ آباد) ڈیویژن میں ایک شخص آج ٹرین میں پیش آئے ایک عجیب و خوفناک حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ اس حادثہ میں لوہے کی ایک سلاخ ٹرین کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر آئی اور ونڈو سیٹ پر بیٹھے شخص کے گلے کو چھید کر دوسری طرف نکل گئی جس کے نتیجہ میں اس شخص کی وہیں موت واقع ہوگئی۔

ٹرین کے اس کوچ کا خوفناک منظر تصاویر کے ذریعہ سامنے آیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ مسافر رشی کیش کمار دوبے اپنی سیٹ پر خون میں لت پت آنکھیں بند کئے ساکت بیٹھا ہوا ہے جبکہ اس میں زندگی کی رمق باقی نہیں رہی تھی۔

یہ واقعہ آج صبح 8:45 بجے نارتھ سنٹرل ریلوے کے پریاگ راج ڈیویژن میں ڈنور اور سومنا کے درمیان نیلاناچل ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا جو دہلی سے کانپور جارہی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ ریلوے پٹریوں کا کام ہورہا تھا۔ اس کام میں استعمال ہورہی لوہے کی ایک سلاخ کھڑکی کے شیشے کو توڑ کر ٹرین میں گھس گئی اور دوبے کی گردن میں سوراخ کر دیا۔

ٹرین کو علی گڑھ جنکشن پر روکا گیا اور لاش کو سرکاری ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں۔ انڈین ریلوے نے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔