شمالی بھارت

موسے والا قتل کیس، گولڈی برار کیلیفورنیا میں پکڑا گیا

مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا مبینہ منصوبہ ساز جرائم پیشہ سرغنہ ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار‘ کیلیفورنیا میں پکڑا گیا ہے۔

چندی گڑھ /نئی دہلی: مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا مبینہ منصوبہ ساز جرائم پیشہ سرغنہ ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار‘ کیلیفورنیا میں پکڑا گیا ہے۔

چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے جمعہ کے دن اس کی توثیق کی۔ لارنس بشنوئی گینگ کا رکن گولڈی برار‘ کینیڈا سے امریکہ منتقل ہوا جہاں وہ 2017 سے رہ رہا تھا۔ اس نے موسے والا کو قتل کرنے کی ذمہ داری گینگ کی طرف سے قبول کی تھی۔

پنجاب پولیس نے حالہ میں اس کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرایا تھا۔ جمعرات کے دن موسے والا کے باپ بلکور سنگھ نے حکومت پنجاب سے اپیل کی تھی کہ وہ گولڈی برار کا سراغ دینے والو 2 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کرے۔ اس نے کہا تھا کہ حال میں ایک پنجابی شخص ایک عورت کو قتل کرکے آسٹریلیا سے فرار ہوگیا تھا۔

حکومت ِ آسٹریلیا نے اس کا سراغ دینے پر ایک ملین ڈالر کے انعام کااعلان کیا جس کے نتیجہ میں 6 دن میں وہ گرفتار کرلیا گیا۔ بلکور سنگھ نے کہا کہ میں حکومت کو سالانہ 2کروڑ روپے کا ٹیکس دیتا ہوں۔

حکومت کے پاس پیسہ نہیں ہے تو میں اپنی جیب سے یہ رقم دینے کے لئے تیار ہوں چاہے اس کے لئے مجھے اپنی زمین ہی فروخت کرنا کیوں نہ پڑے۔

مکتسر صاحب کا رہنے والا گولڈی برار 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزا پر کینیڈا گیا تھا۔ موسے والا کو 6 ماہر نشانہ بازوں (شارپ شوٹرس) نے ہلاک کیا تھا۔ 4 گرفتار کرلئے گئے اور 2پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے۔