کل سے آروگیہ شری خدمات بند کرنے کا فیصلہ
تلنگانہ میں منگل سے ایک بار پھر آروگیہ شری کی خدمات رکنے والی ہیں۔ اس سلسلہ میں پرائیویٹ نیٹ ورک ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے منگل کی آدھی رات آروگیہ شری سے خدمات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ میں منگل سے ایک بار پھر آروگیہ شری کی خدمات رکنے والی ہیں۔ اس سلسلہ میں پرائیویٹ نیٹ ورک ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے منگل کی آدھی رات آروگیہ شری سے خدمات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے 1400 کروڑ روپے بقایہ کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔ ہاسپٹلس کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا، لہٰذا ہڑتال کا فیصلہ ناگزیر تھا۔
پرائیویٹ ہاسپٹلس کا کہنا ہے کہ اب وہ ہاسپٹلس چلانے کے موقف میں نہیں ہیں، جس کے بعد حکومت چوکنا ہو گئی ہے۔ تلنگانہ میں آروگیہ شری نیٹ ورک ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے ایک اہم اعلان کیا ہے کہ وہ آج نصف شبسے ہڑتال پر جا رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ طویل عرصہ سے زیر التواء بقایا جات کی ادائیگی کے لیے حکام سے نمائندگی کر رہے ہیں۔
تلنگانہ نیٹ ورک ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے پہلے بھی آروگیہ شری ٹرسٹ کے سی ای او کو بقایا بلوں کی ادائیگی کی یاد دلاتے ہوئے ایک خط لکھا تھا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر زیر التواء بلز کو کلیئر نہیں کیا گیا تو وہ آروگیہ سری کی خدمات بند کر دیں گے۔ اس طرح کی صورتحال گزشتہ جنوری میں بھی پیدا ہوئی تھی، جب آروگیہ شری ٹرسٹ نے نیٹ ورک ہاسپٹلس کے ساتھ مذاکرات کے بعد کے تقریباً 120 کروڑ روپے کے بقایا جات ادا کیے تھے۔
تاہم، نیٹ ورک ہاسپٹلس نے مطالبہ کیا تھا کہ ایک سال سے زیر التواء بقایا جات میں سے صرف 45 دن کے بقایا جات ادا کیے گئے ہیں اور باقی کو بھی اس مہینے کے آخر تک ادا کیا جاے بصورت دیگر آج نصف شب سے خدمات بند کر دی جائیں گی۔ تلنگانہ نیٹ ورک ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست بھر میں نیٹ ورک ہاسپٹلس کو ادا کیے جانے والے آروگیہ سری کے زیر التواء بقایا جات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیٹ ورک ہاسپٹلس کرایہ بھی ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں، طبی عملہ کو تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں، اور ادویات و سرجیکل سامان فراہم کرنے والے ادارے بھی سپلائی روک چکے ہیں۔
ان حالات کے پیش نظر انہوں نے فوری طور پر زیر التواء بقایا جات ادا کرنے اور ہر ماہ آروگیہ شری بل جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ نیٹ ورک ہاسپٹلس کے آج آدھی رات سے آروگیہ شری کی خدمات بند کرنے کے حالیہ فیصلہ پر حکومت کا کیا ردعمل ہوتا ہے۔