تلنگانہ

مجلس کے تمام امیدواروں کی تائید کا اعلان: یونائٹیڈ مسلم فورم

یونائیڈ مسلم فورم کا ماہانہ اجلاس خانقاہ حضرت شاہ خاموش ؒ نامپلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک و ریاست کے موجودہ حالات پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین میں مغربی ممالک کی تائید سے اسرائیلی بربریت کی سخت مذمت کی گئی۔

حیدرآباد: یونائیڈ مسلم فورم کا ماہانہ اجلاس خانقاہ حضرت شاہ خاموش ؒ نامپلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک و ریاست کے موجودہ حالات پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین میں مغربی ممالک کی تائید سے اسرائیلی بربریت کی سخت مذمت کی گئی۔

متعلقہ خبریں
مسلمان اگر عزت کی زندگی چاہتے ہو تو پی ڈی ایم اتحاد کا ساتھ دیں: اویسی
1969 کی تحریک میں طلبہ پر کس نے گولی چلانے کی ہدایت دی؟ کے ٹی آر کا سوال
تلنگانہ:ایم ایل سی کی نشست کے ضمنی انتخاب کی مہم کااختتام
تلنگانہ انتخابات: ووٹ دینے کے لیے آنے والے دو افراد کی موت
انتخابی ڈیوٹی پر 2.5 لاکھ اسٹاف کی تعیناتی:وکاس راج

تلنگانہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر متفقہ طورپر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے تمام امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا گیا۔

ریاست کے دیگر اسمبلی حلقوں میں ووٹوں کی تقسیم کو روکنے‘ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے حکمت عملی اختیارکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلمانوں کے مسائل پر مشتمل مطالبات تیار کرکے انہیں حل کرنے سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں سے تیقن لینے کے بعد ہی تائید کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر)، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ‘ ضیا الدین نیر، سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار‘مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری‘ مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری‘ ڈاکٹر محمد مشتاق‘ ایم اے ماجد، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا سید وصی اللہ حسینی نظام پاشاہ‘ مولانا میر فراست علی شطاری‘ مولانا سید قطب الدین حسینی صابری‘ مولانا مکرم پاشاہ قادری تخت نشین‘ مولانا عبدالغفار خان سلامی، بادشاہ محی الدین‘ ڈاکٹر نظام الدین و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

فورم کے اجلاس میں ووٹ کی اہمیت سے تعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ہر شہری کو ووٹ کا استعمال کرنے کی ترغیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شریک اکابرین نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کئے گئے وعدوں اور تیقنات کا بھی جائزہ لیا۔ کس سیاسی جماعت نے سابق میں کیا وعدے کئے تھے اور کئے گئے وعدوں کو کتنا پورا کیا‘ ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلمانوں کے حل طلب مطالبات پر مشتمل مسائل کی فہرست تیار کرکے ان کی یکسوئی کروانے کے لئے مطالبات کی تفصیلات سیاسی جماعتوں کو پیش کرنے اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔ گذشتہ برسوں میں ریاست میں پرامن صورتحال اور ترقی کے علاوہ موجودہ حکومت نے مسلمانوں جو وعدے پورے نہیں کئے ان پر بھی غور کیا گیا۔

دیگر جماعتوں کے موقف پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطین میں جنگ بندی کیلئے اثر و رسوخ کا استعمال کرے۔ اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنے عالمی سطح پر دباؤ بنایا جائے۔ اس موقع مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے فلسطین اور عالم اسلام کے لئے دعا کی۔ ابتداء میں مولانا ظفر جمیل حسامی نے قراء ت کلام پاک پیش کی۔ سید منیر الدین احمد مختار نے کاروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔

a3w
a3w