انڈیا اتحاد کو شکست دینا مشکل ہی نہیں ناممکن: سنجے راؤت
شیوسینا(یوبی ٹی) کے قائد سنجے راؤت نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپوزیشن انڈیا کا اتحاد اگلے سال کے لوک سبھا انتخابات میں فاتح رہے گا اور دعویٰ کیا کہ اس اتحاد کو شکست دینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
ممبئی: شیوسینا(یوبی ٹی) کے قائد سنجے راؤت نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپوزیشن انڈیا کا اتحاد اگلے سال کے لوک سبھا انتخابات میں فاتح رہے گا اور دعویٰ کیا کہ اس اتحاد کو شکست دینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راؤت نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی بغیر کسی اختلاف کے ملک کے لیڈر ہیں۔ ملک‘ گاندھی کی قیادت میں کام کرنا چاہتا ہے۔“ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خوفزدہ ہے۔
انڈیا اتحاد 2024ء (لوک سبھا انتخابات) میں کامیاب ہوگا۔ انڈیا (اتحاد) کو شکست دینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کے انڈیا اتحاد کا اجلاس جمعرات کی شام شروع ہوگا اور جمعہ کو اختتام پذیر ہوگا۔
ہم ملک کے سامنے ایک لائحہ عمل کے ساتھ جائیں گے۔“ سینا (یوبی ٹی) کے راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں ہر کوئی ملک کو بچانے اور حب الوطنی کے رشتہ سے بندھا ہے۔ اسے کوئی نہیں توڑسکتا اور پارٹیوں کے درمیان کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں۔
اپوزیشن بلاک نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کا تیسرا اجلاس ممبئی میں ہورہا ہے جس میں اگلے سال لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے علاوہ نئے حلیفوں کی شمولیت ہوگی۔
حکمت عملی پر تبادلہ خیال اور نئے حلیفوں کی شمولیت کے علاوہ انڈیا بلاک کے لوگو کی اجرائی اور اقل ترین مشترکہ پروگرام پر بات چیت بھی اس دو روزہ اجلاس کی نمایاں خصوصیت ہوگی۔ ممبئی کی گرانڈ حیات ہوٹل میں منعقد شدنی اجلاس میں 28سیاسی جماعتوں کے زائد از 63 نمائندے شریک ہوں گے۔