دہلی ہائی کورٹ کو دھمکی آمیز ای میل ملا
دہلی ہائی کورٹ کو جمعہ کی صبح ای میل کے ذریعے احاطے میں بم کی دھمکی ملی ہے، جس سے افراتفری مچ گئی۔ اس میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عدالت کے احاطے میں تین بم نصب کیے گئے ہیں اور دھماکہ دوپہر دو بجے تک ہوسکتا ہے۔
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ کو جمعہ کی صبح ای میل کے ذریعے احاطے میں بم کی دھمکی ملی ہے، جس سے افراتفری مچ گئی۔ اس میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عدالت کے احاطے میں تین بم نصب کیے گئے ہیں اور دھماکہ دوپہر دو بجے تک ہوسکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ میل آج صبح 8:38 بجے دہلی ہائی کورٹ کے آفیشل ای میل آئی ڈی پر ”کنیموزی تھیودیا” کے نام سے بھیجی گئی۔ میل میں پاکستان اور تمل ناڈو کے دہشت گردانہ روابط کا حوالہ دیتے ہوئے، ججوں کے چیمبروں اور عدالت کے احاطے میں بم رکھنے جانے کی بات لکھی گئی ہے۔
ای میل ملنے پر ہائی کورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر الرٹ جاری کیا اور دہلی پولیس کو مطلع کیا۔ جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل سیل اور سائبر سیل کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تفتیش شروع کردی۔ ججوں، وکلاء اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا اور پورے کیمپس کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ابھی تک دھمکی کی حقیقت سامنے نہیں آئی ہے لیکن معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ سائبر سیل میل بھیجنے والے کی شناخت اور مقام جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس دھمکی کے بعد ہائی کورٹ اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔