دہلی شراب اسکام: کویتا کی دوسرے دن بھی والد کے سی آر سے ملاقات
بتایا جاتا ہے کہ کویتا کو پرگتی بھون میں ماہرین قانون نے مشورہ دیا ہے کہ سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے سلسلہ میں پوچھے جانے والے سوالات کا کیسے جواب دیاجائے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے اتوار کی صبح کیمپ آفس پرگتی بھون میں اپنے والد وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے ملاقات کی۔
کویتا کو سی بی آئی نے دہلی شراب اسکام کے معاملہ میں پوچھ گچھ کیلئے نوٹس دی تھی۔گذشتہ روز کے علاوہ وہ آج بھی پرگتی بھون پہنچیں اوراپنے والد سے ملاقات کی جہاں ان سے دہلی شراب معاملہ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ کویتا کو پرگتی بھون میں ماہرین قانون نے مشورہ دیا ہے کہ سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے سلسلہ میں پوچھے جانے والے سوالات کا کیسے جواب دیاجائے۔
کویتا نے گذشتہ روز پرگتی بھون میں چندرشیکھرراوکے ساتھ بات چیت کے بعد سی بی آئی حکام کو ایک خط لکھا۔ اپنے خط میں، انہوں نے مرکزی وزارت داخلہ سے ان کے خلاف کی گئی شکایت اور ایف ایس آئی آر کی نقل فراہم کرنے کی خواہش کی تاہم سی بی آئی کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔
دہلی شراب گھوٹالے کے معاملہ میں کویتا سے مرکزی جانچ ایجنسی کی جانب سے کی جانے والی پوچھ گچھ تلنگانہ کی سیاست میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔