حیدرآباد

گول ناکہ عنبرپیٹ کے قبرستان کی ایک قبر مسمار۔ ہائی کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی

: چلکور میں ویران مسجد کے زمین دوز کردیئے جانے کے سانحہ سے مسلمانان حیدرآباد ابھی نکل بھی نہیں پائے تھے کہ عنبرپیٹ میں واقع قبرستان میں ایک قبر کومسطح کردیا گیا

حیدرآباد: چلکور میں ویران مسجد کے زمین دوز کردیئے جانے کے سانحہ سے مسلمانان حیدرآباد ابھی نکل بھی نہیں پائے تھے کہ عنبرپیٹ میں واقع قبرستان میں ایک قبر کومسطح کردیا گیا حالانکہ اس خصوص میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے واضح احکام ہے کہ اس قبرستان میں واقع درخواست گزار وحیدہ بیگم کے رشتہ داروں کی قبروں کو نقصان پہنچائے بغیر ریامپ تعمیر کیا جاسکتا ہے

تاہم بتایا جاتا ہے کہ کنٹراکٹ کے لوگوں نے کل درخواست گزار کے ایک رشتہ دار کی قبر کو مسمار کرتے ہوئے زمین کے برابر کردیا۔ یاد رہے کہ گول ناکہ عنبرپیٹ میں واقع قبرستان کے کچھ حصہ کو جی ایچ ایم سی اور ضلع انتظامیہ حاصل کرتے ہوئے وہاں سے گزرنے والے فلائی اوور سے متصل سروس روڈ بچھانا چاہتے تھے۔

اس اقدام کے خلاف وحیدہ بیگم ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے قبرستان میں موجود ان کے شوہر اور دیگر رشتہ داروں کی قبروں کو نقصان نہ پہنچانے کی درخواست دائر کی تھی۔

جی ایچ ایم سی حیدرآباد کلکٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے مدعی علیہان کے وکیل نے عدالت کو یہ تیقن دیا تھا کہ قبروں کو نقصان پہنچائے بغیر قبرستان کے اوپر سے ایک ریامپ تعمیر کیا جائے گا جس سے قبروں کی حرمت بھی باقی رہے گی اور سروس روڈ کی وجہ سے عوام کو سہولت بھی حاصل ہوگی۔

اس تجویز سے درخواست گزار بھی متفق ہوچکی تھیں جس پر عدالت العالیہ نے مدعی علیہان کو ہدایت دی تھی کہ قبروں کو نقصان پہنچائے بغیر ایلیویٹیڈ ریامپ کی تعمیر کے ذریعہ تعمیراتی سرگرمیوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں تاہم قبرستان میں موجود قبروں کے اوپر سے ریامپ تعمیر کرنے کے دوران قبروں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

درخواست گزار کے فرزند محمد افضل اڈوکیٹ نے بتایا کہ ریامپ کی تعمیر کے سلسلہ میں ایک ماہ قبل عہدیداروں اور تعمیراتی کام کا کنٹراکٹ حاصل کرنے والی کمپنی کے نمائندے سنیل نے مسجد میں ایک اجلاس کے دوران یہ تیقن دیا تھا کہ ہائی کورٹ کے احکام کی روشنی میں قبروں کو نقصان پہنچائے بغیر ریامپ تعمیر کیا جائے گا تاہم کل ان کے ایک رشتہ دار کی قبر کو مسطح کردیا گیا اور انہیں خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید قبروں کو مسطح کیا جاسکتا ہے۔

a3w
a3w