ڈگ وجئے سنگھ گرپڑے
ڈگ وجئے سنگھ ٹی بریک کے دوران سڑک کنارے ایک ہوٹل کی طرف جاتے ہوئے گرپڑے۔ انہیں کوئی زخم نہیں آیا۔ ان کے اطراف موجود کانگریس ورکرس نے انہیں فوری سہارادیا۔ عینی شاہدین نے یہ بات بتائی۔
منیہار۔(مدھیہ پردیش): سینئر کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ ہفتہ کے دن مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں برواہا کے قریب راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے کے دوران گرپڑے۔ اس پرریاست کی سڑکوں کی حالت زار پر اپوزیشن کانگریس اور برسرِ اقتدار بی جے پی میں بحث چھڑگئی۔
ڈگ وجئے سنگھ ٹی بریک کے دوران سڑک کنارے ایک ہوٹل کی طرف جاتے ہوئے گرپڑے۔ انہیں کوئی زخم نہیں آیا۔ ان کے اطراف موجود کانگریس ورکرس نے انہیں فوری سہارادیا۔ عینی شاہدین نے یہ بات بتائی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی میڈیا انچارج جئے رام رمیش نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران ڈگ وجئے سنگھ چار مرتبہ گرچکے ہیں۔
مدھیہ پردیش میں وہ پہلی مرتبہ گرپڑے اور اس کی وجہ بھی ریاست کی خراب سڑکیں ہیں۔ بی جے پی کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کا پرانا بیان دہرایاجس میں انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ مدھیہ پردیش کی سڑکیں واشنگٹن ڈی سی(امریکہ) سے بہتر ہیں۔
جئے رام رمیش نے دعویٰ کیاکہ مدھیہ پردیش کی سڑکیں جان لیوا سڑکیں ہیں اور یہ واشنگٹن کی سڑکوں سے بہتر نہیں ہیں۔ خراب سڑکوں کی وجہ سے میں بھی تین مرتبہ گرتے گرتے بچاہوں۔
پلٹ وار کرتے ہوئے بی جے پی قائد نریندرسلوجہ نے واقعہ کا ویڈیوٹوئٹ کیا اور کہا کہ رکن راجیہ سبھا اپنی پارٹی کے ورکرس کی دھکم پیل کی وجہ سے گرے نہ کہ سڑکوں کی وجہ سے۔