ڈمپل یادو‘مین پوری پارلیمانی حلقہ سے ایس پی امیدوار
مین پوری کے سابق رکن پارلیمنٹ ملائم سنگھ یادو کے پوتے تیج پرتاپ یادو کا نام سیاسی حلقوں میں گردش کررہا تھا اور انہیں اس حلقہ سے ایس پی کا امیدوار بنائے جانے کے اندازے ظاہر کئے جارہے تھے لیکن آخرکار ڈمپل یادو کو چُنا گیا۔
لکھنو: سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے آج ڈمپل یادو کو مین پوری پارلیمانی حلقہ سے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کی موت کے بعد یہ نشست مخلوعہ ہوگئی ہے۔
اس نشست پر 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہوگا اور 8 دسمبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر کہا کہ پارٹی ڈمپل یادو کو مین پوری ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کرتی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو نے 2012 اور 2014 میں قنوج نشست کی نمائندگی کی تھی۔ مین پوری کے سابق رکن پارلیمنٹ ملائم سنگھ یادو کے پوتے تیج پرتاپ یادو کا نام سیاسی حلقوں میں گردش کررہا تھا اور انہیں اس حلقہ سے ایس پی کا امیدوار بنائے جانے کے اندازے ظاہر کئے جارہے تھے لیکن آخرکار ڈمپل یادو کو چُنا گیا۔
اس حلقہ کو 1996 سے سماج وادی پارٹی کا طاقتور گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ ڈمپل کے انتخاب کو ضمنی الیکشن سے قبل پارٹی کیڈرس کو متحد کرنے کی کوشش کے طورپر بھی دیکھا جارہا ہے۔ اکھلیش یادو کا اسمبلی حلقہ کڑھال بھی مین پوری کا حصہ ہے۔
ڈمپل یادو کے امیدوار بنائے جانے سے بی جے پی کو اس نشست پر سخت مقابلہ کا سامنا کرنا ہوگا۔ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی(لوہیا) نے جس کے بانی شیوپال یادو ہیں‘ ڈمپل کو امیدوار بنائے جانے پر کسی فوری ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔