یو اے ای کے فجیرہ آئل ٹرمینل پر ڈرون حملہ
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند گھنٹے قبل امریکہ نے ایران کے خارگ آئی لینڈ پر موجود فوجی اہداف اور تیل ایکسپورٹ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا
ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں واقع ایک اہم تیل برآمدی مرکز پر ہفتے کے روز ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ لگ گئی، جس کے باعث بعض تیل لوڈنگ آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، صنعت اور تجارتی ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد ٹرمینل کی سرگرمیوں پر واضح اثر پڑ ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند گھنٹے قبل امریکہ نے ایران کے خارگ آئی لینڈ پر موجود فوجی اہداف اور تیل ایکسپورٹ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں خطے میں توانائی اور سلامتی کے معاملات پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔
اس کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی مفادات، جن میں بندرگاہیں، ڈاکس اور فوجی تنصیبات شامل ہیں ان کے جائز اہداف ہیں۔
فجیرہ، جو آبنائے ہرمز سے باہر واقع ہے، متحدہ عرب امارات کے خام تیل کی برآمدات کے لیے ایک کلیدی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہاں سے روزانہ تقریباً 10 لاکھ بیرل تیل برآمد کیا جاتا ہے، جو عالمی سطح پر مجموعی طلب کا تقریباً ایک فیصد ہے۔
عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ فجیرہ ٹرمینل سے دو بڑے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے، تاہم اس واقعے کے تیل کی لوڈنگ اور برآمدات پر پڑنے والے درست اثرات فوری طور پر تعین نہیں کیے جا سکے۔