Uncategorized

کابینہ میں جلد توسیع، قلمدانوں میں ردوبدل کا امکان

کابینہ میں جلد ہی ممکنہ توسیع کے پیش نظر، محکموں میں ردوبدل کے امکان کو لے کر کانگریس قائدین اور وزراء کے درمیان مشاورت کی اطلاع ہے۔

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) کابینہ میں جلد ہی ممکنہ توسیع کے پیش نظر، محکموں میں ردوبدل کے امکان کو لے کر کانگریس قائدین اور وزراء کے درمیان مشاورت کی اطلاع ہے۔

حکمراں پارٹی کے ذرائع کے مطابق، کم از کم چار وزراء کا تقرر کرتے ہوئے کابینہ میں خالی 6جگہوں کو پُر کیا جائے گا اور نئے وزرا میں قلمدان الاٹ کیے جائیں گے۔ اس مشق میں، موجودہ چند وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، جن کے پاس تمام غیر مختص محکمہ ہیں، وہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے چہروں میں کچھ قلمدان سونپ سکتے ہیں جن میں سماجی بہبود، کھیل، حیوانات، اقلیتی بہبود اعلیٰ اور اسکولی تعلیم، لیبر، آثار قدیمہ، روزگار کی تربیت اور فیکٹریز شامل ہیں۔

امکان ہے کہ چیف منسٹرمحکمہ داخلہ، لاء اینڈ آرڈر، بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات، جنرل ایڈمنسٹریشن کے قلمدان اپنے پاس ہی رکھیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی کچھ قلمدان وزراء پونگولیٹی سرینواس ریڈی، کونڈا سریکھا اور جوپلی کرشنا راؤ کو سونپ سکتے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے چہروں کو جنگلات اور آئی اینڈ پی آر کے قلمدان دیے جا سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ چیف منسٹر موجودہ وزراء کی کارکردگی، کام کرنے کے انداز اور انتظامیہ سے متعلق انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر محکموں کو دوبارہ تفویض کرنے پر غور کر رہے ہیں۔