امریکہ و کینیڈا

امریکی صدارتی انتخابات کیلئے ابتدائی ووٹنگ کا آغاز

امریکہ میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو منعقد کئے جائیں گے مگر ابتدائی ووٹنگ الیکشن کے دن رش سے بچنے کے لیے کی جاتی ہے جس میں ڈاک، ای میل یا ووٹرز پولنگ کے مقامات پر جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔

واشنگٹن: امریکہ کی 3 ریاستوں ورجینیا، منی سوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا میں صدارتی انتخابات کے لیے ابتدائی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تینوں امریکی ریاستوں میں امریکی اپنے پسندیدہ امیدوار کو ذاتی حیثیت میں پولنگ اسٹیشن جا کر ووٹ ڈال رہے ہیں۔

منی سوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا کے شہری ای میل کے ذریعے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو منعقد کئے جائیں گے مگر ابتدائی ووٹنگ الیکشن کے دن رش سے بچنے کے لیے کی جاتی ہے جس میں ڈاک، ای میل یا ووٹرز پولنگ کے مقامات پر جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔

گزشتہ صدارتی الیکشن میں ابتدائی ووٹنگ کو مقبولیت حاصل ہوئی تھی، جب کورونا وباء کے باعث 100ملین سے زیادہ ووٹرز نے انتخابات کے روز سے قبل بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور پر ووٹ کاسٹ کردیا تھا، اس کے بعد سے متعدد ریاستوں نے اس آپشن کو اس بار بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

a3w
a3w