مہاراشٹرا

جعلی دستاویزات کے ساتھ مقیم پاکستانی شہری گرفتار

پولیس نے پونے شہر میں جعلی دستاویزات کی مدد سے غیرقانونی طور پر مقیم 22 سالہ پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا جس کی ماں ہندوستانی ہے۔

پونے: پولیس نے پونے شہر میں جعلی دستاویزات کی مدد سے غیرقانونی طور پر مقیم 22 سالہ پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا جس کی ماں ہندوستانی ہے۔

کھڑک پولیس نے محمد امان انصاری (جس کے والد پاکستانی شہری ہیں) کے خلاف تعزیرات ہند اور بیرونی شہریوں اور پاسپورٹ قوانین کے خلاف دھوکہ دہی اور جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا۔

ڈی سی پی (زونI) سندیپ سنگھ نے کہا کہ لڑکا (انصاری) کراچی میں پیدا ہوا۔ اس کی ماں ہندوستانی اور باپ پاکستانی ہے۔ وہ کراچی سے دبئی منتقل ہوگئے، جہاں اس نے تعلیم حاصل کی اور 2015ء میں دونوں ماں بیٹے ہندوستان آگئے اور پونے میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رہنا شروع کردیا۔ اس وقت ان کے پاس قانونی ویزا تھا۔“

عہدیدار نے کہا کہ انصاری شہر کے اسکول گیا اور بعد میں جونیر کالج میں تعلیم حاصل کی۔ دریں اثناء اس کے ویزا کی مدت ختم ہوگئی۔ اسے اپنے ویزا کی تجدید کے لیے درخواست دے کر مناسب طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے تھا۔

اس کی بجائے اس نے دھوکہ سے آدھار کارڈ حاصل کیا اور اس کی بنیاد پر اسے ہندوستانی پاسپورٹ مل گیا۔“

پونے پولیس کی خصوصی شاح کے عہدیدار نے کہا کہ ہم تحقیقات کریں گے کہ انصاری کس طرح آدھار کارڈ اور ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔