آدھار کارڈ اپڈیٹ کرنے کا آسان موقع، حکومت نے اسکولوں میں خصوصی کیمپس قائم کیے
ریاست بھر کے اسکولوں میں 17 نومبر سے 26 نومبر تک خصوصی آدھار اپڈیٹ کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے بچوں کو آدھار مراکز کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
حکومت نے طلبہ اور والدین کے لئے آدھار اپڈیٹ کرنے کا عمل نہایت آسان بنا دیا ہے۔ ریاست بھر کے اسکولوں میں 17 نومبر سے 26 نومبر تک خصوصی آدھار اپڈیٹ کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے بچوں کو آدھار مراکز کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ سہولت 5 سے 15 سال کی عمر کے طلبہ کے لیے فراہم کی گئی ہے، جہاں وہ اپنے اسکول میں ہی آدھار کی تفصیلات، بایومیٹرک فنگر پرنٹ اور آئی رس اپڈیٹ کروا سکتے ہیں۔ آندھرا پردیش ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور UIDAI نے باہمی تعاون سے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ والدین اور بچوں کو طویل انتظار اور پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔
ولیج اور وارڈ سکریٹریٹ کے ڈائریکٹر شیوا پرساد نے تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان کیمپس کے موثر انعقاد کو یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق یہ تمام خدمات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں تقریباً 15 لاکھ بچوں کے آدھار کارڈ اب تک اپڈیٹ نہیں ہوئے۔ اسی وجہ سے حکومت نے اسکولوں میں ہی آدھار اپڈیٹ مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ والدین اور بچے کسی بھی اضافی سفر کے بغیر مطلوبہ دستاویزات جمع کروا کر آدھار اپڈیٹ کروا سکیں۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، کیوں کہ اسکولوں میں آدھار اپڈیٹ کروانے کا یہ موقع وقت اور محنت دونوں کی بچت فراہم کرتا ہے۔