خواتین پر مظالم کو روکنے نیٹ ورک کے قیام پر زور:مرمو
صدر دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز یہاں نلسار یونیورسٹی آف لا پر زور دیا کہ وہ ابنائے قدیم کے بشمول تمام اسٹاک ہولڈرس کا تعاون حاصل کرے اور خواتین پر مظالم کو روکنے کیلئے خاتون وکلا اور لا کے طلبہ کے ساتھ ملک گیر سطح پر ایک نیٹ ورک قائم کریں۔

حیدرآباد: صدر دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز یہاں نلسار یونیورسٹی آف لا پر زور دیا کہ وہ ابنائے قدیم کے بشمول تمام اسٹاک ہولڈرس کا تعاون حاصل کرے اور خواتین پر مظالم کو روکنے کیلئے خاتون وکلا اور لا کے طلبہ کے ساتھ ملک گیر سطح پر ایک نیٹ ورک قائم کریں۔
صدر مرمو جو نلسار یونیورسٹی آف لاء کے 21 ویں کانوکیشن میں شرکت کی، نے کہا کہ نیٹ ورک، مکمل اختیار ات کے ساتھ خواتین پر مظالم کو روکنے اور ا س طرح کے مظالم کے معاملات سے نمٹنے کیلئے ٹھوس مساعی انجام دے گا۔مرمو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گریجویٹنگ طلبہ نلسار میں حاصل کردہ تعلیم کو سماجی انصاف اور ترقی کو یقینی بنانے میں موثر آلہ کے طور پر استعمال کریں گے۔
ملک کے آئین میں درج مساوات کے اصول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نامناسب صورتحال میں غریب، انصاف تک رسائی حاصل کر نہیں پاتے مگر امیر لوگوں کیلئے صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ ایک امیر کی طرح غریب کو انصاف تک رسائی کیلئے موزوں مواقع فراہم کرنا چاہئے۔
مساوات کا نظریہ جو آئین کی تمہید اور بنیادی حقوق میں بھی شامل ہے، فراہمی انصاف سے متعلق ریاست کی ہدایت کے اصول میں بھی شامل ہے۔ یہ یکساں انصاف اور مفت قانونی امداد کو فراہم کرتا ہے۔ اس تعلق سے ریاست کو ذمہ داربناتا ہے۔ معاشی مجبوری یا کسی دوسری معذوری کے سبب کسی بھی شخض کو حصول انصاف سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نلسار کا ویژن بیانیہ کمزور طبقات کو سماجی انصاف کی فراہمی پر مرکوز کرتا ہے۔ بدقسمتی سے غریبوں کو امیروں کی طرح انصاف تک رسائی کے مواقع نہیں ملتے۔ ان غیر منصفانہ حالات کو بہتر طور پر بدلنے کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لیگل پروفیشنلس کی نئی نسل تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔
انہوں نے گریجویٹ طلبہ پر زور دیاکہ پیشہ وارانہ کامیابی اور سماجی انصاف کیلئے ٹکنالوجی کو بطور آوزار استعمال کریں۔ صدر مرمو نے نلسار کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
اس کانوکیشن میں تلنگانہ کے گورنر جشنو دیوورما، چیف منسٹر ریونت ریڈی، چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس الوک ارادھے، اور دیگر معزز شخصیات شریک تھے۔ قبل ازیں بیگم پیٹ ایر پورٹ پر گورنر، چیف منسٹر اور ان کے کابینی رفقا اور دیگر سینئر عہدیداروں نے مرمو کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔