حیدرآباد

ریکھا نائک حلقہ خانہ پور سے کانگریس ٹکٹ کی دعویدار!

ریکھا نائک کو بی آر ایس نے اس بار ٹکٹ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد انہوں نے کل شام صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

حیدر آباد: تلنگانہ کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون پر آج بھی تیسرے روز پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ شہر اور اضلاع کے مختلف اسمبلی حلقہ جات سے کئی دعویداروں نے اپنی درخواستیں داخل کیں۔

متعلقہ خبریں
حج کمیٹی کو عازمین حج کی 11 ہزار سے زائد درخواستیں موصول، عنقریب ڈرا کی تاریخ کا اعلان
بلدی الیکشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر ایم ایل ایز کو صدر ٹی پی سی سی کا انتباہ
بی جے پی ٹکٹ کے خواہش مند امیدواروں سے درخواستوں کی طلبی
حیدرآباد، شراب کی فروخت میں سرفہرست
ڈاکٹر مہدی کا محکمہ ثقافتی ورثہ و آثار قدیمہ تلنگانہ کا دورہ، مخطوطات کے تحفظ کے لیے ایران سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران 300 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ بالخصوص بی آر ایس رکن اسمبلی حلقہ خانہ پور ریکھا نائک نے آج گاندھی بھون پہنچ کر اسی حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کے لئے اپنی درخواست داخل کی۔

 ریکھا نائک کو بی آر ایس نے اس بار ٹکٹ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد انہوں نے کل شام صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ آج انہوں نے اپنے شوہر شیام نائک کے ہمراہ گاندھی بھون پہنچ کر حلقہ خانہ پور سے اپنی درخواست داخل کی۔

 ان کے شوہر شیام نائک نے بھی اس حلقہ سے مقابلہ کے لئے درخواست داخل کی۔ آج ریاست کے مختلف حلقہ جات سے تقریباً 50 دعویداروں نے اپنی درخواستیں داخل کیں۔ کل چہارشنبہ کو تقریباً 200 دعویداروں نے اپنی درخواستیں داخل کی تھیں۔

 اس طرح گزشتہ 3 روز کے دوران 300 سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 25 / اگست درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ نامپلی اسمبلی حلقہ سے سکریٹری کانگریس عثمان محمد خان نے آج اپنے حامیوں کے ہمراہ پہنچ کر درخواست داخل کی۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ نامپلی حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کے مضبوط دعویدار ہیں۔ وہ کانگریس پارٹی میں گزشتہ کئی برسوں سے سرگرم ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لئے ان کی خدمات کا ایک طویل ریکارڈ بھی انہوں نے درخواست کے ساتھ داخل کیا ہے۔

حلقہ اسمبلی کاروان سے سینئر قائد افسر یوسف زئی نے بھی اپنی درخواست داخل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 30 سال سے کانگریس پارٹی کے ایک سپاہی کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں انہیں نظر انداز کردیا گیا تھا۔

 اس بار وہ مضبوط دعویدار کی حیثیت سے ٹکٹ کے خواہاں ہیں۔ حلقہ اسمبلی چارمینار سے مجیب اللہ شریف نے بھی کانگریس ٹکٹ کے لئے اپنی درخواست داخل کی ہے۔ وہ بھی پرانا شہر کے تاریخی چارمینار حلقہ سے مضبوط دعویدار ہیں۔