بارودی سرنگوں کی مکمل صفائی تک کرے گٹہ پہاڑیوں میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی
تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سی وی آنند نے واضح کیا ہے کہ کریگٹہ پہاڑیوں کے علاقے سے بارودی سرنگوں کی مکمل صفائی اور مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنانے تک سیاحوں کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سی وی آنند نے واضح کیا ہے کہ کریگٹہ پہاڑیوں کے علاقے سے بارودی سرنگوں کی مکمل صفائی اور مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنانے تک سیاحوں کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ماؤ نوازوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد انہیں بازآبادکاری پیکیج تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ ماؤ نوازوں نے اس علاقے میں مختلف اقسام کی بارودی سرنگیں نصب کر رکھی ہیں، جن میں پریشر مائنز بھی شامل ہونے کا شبہ ہے۔ تاہم، ان سرنگوں کے صحیح مقامات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے بعض ماؤ نوازوں سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے ماؤ نوازوں کے نو خفیہ ذخائر (ڈمپس) کی نشاندہی کی ہے۔ علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے مزید معلومات حاصل کرنے اور بارودی سرنگوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ بارودی سرنگوں کی صفائی مکمل ہونے سے پہلے سیاحوں کو پہاڑیوں میں داخلے کی اجازت دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے حادثات کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور پورے علاقے کی مکمل جانچ اور اسے محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی سیاحتی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔
سی وی آنند نے مزید کہا کہ اس علاقے کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم سیاحت کو فروغ دینے سے پہلے تمام بارودی سرنگوں کو ہٹانا اور ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کرنا لازمی ہے۔