حیدرآباد

انوجی گوڑہ میں میر عالم تالاب کی 4.12 ایکڑ اراضی پر قبضہ ختم، ہائیڈرا کی کارروائی

حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (ہائیڈرا) نے گھٹکیسر کے انوجی گوڑہ میں واقع میر عالم تالاب کی 4.12 ایکڑ اراضی کو غیر قانونی قبضوں سے آزاد کراتے ہوئے اسے محفوظ بنا دیا۔ مقامی رہائشی کی شکایت موصول ہونے کے ایک ہفتے کے اندر یہ کارروائی انجام دی گئی۔

حیدرآباد: حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (ہائیڈرا) نے گھٹکیسر کے انوجی گوڑہ میں واقع میر عالم تالاب کی 4.12 ایکڑ اراضی کو غیر قانونی قبضوں سے آزاد کراتے ہوئے اسے محفوظ بنا دیا۔ مقامی رہائشی کی شکایت موصول ہونے کے ایک ہفتے کے اندر یہ کارروائی انجام دی گئی۔

حکام کے مطابق قابضین نے تالاب کی فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) حدود کے اندر پلاٹس بناتے ہوئے ان کے اطراف کمپاؤنڈ وال تعمیر کر دی تھی۔ مبینہ طور پر تالاب کی اراضی کو ایک خانگی لے آؤٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

شکایت موصول ہونے کے بعد ہائیڈرا کے عہدیداروں نے سروے آف انڈیا کے نقشوں، سیٹلائٹ تصاویر اور موضع کے سرکاری ریکارڈس کی جانچ کی۔ اس کے ذریعے تالاب کی اصل حدود اور قبضہ شدہ اراضی کی نشاندہی کی گئی۔

تصدیق کے بعد پیر کے روز ہائیڈرا کے عملے نے غیر قانونی تعمیرات اور کمپاؤنڈ والز کو ہٹا دیا اور دوبارہ قبضوں کو روکنے کے لیے تالاب کی اراضی کے اطراف باڑ بھی نصب کردی۔

مقامی رہائشی نے ہائیڈرا کی فوری کارروائی کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ شکایات کرنے کے باوجود تالاب کی اراضی پر قبضوں کو روکا نہیں جا سکا تھا۔

ہائیڈرا کی اس کارروائی کو تالابوں اور سرکاری اراضی کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔