کرناٹک

ہر کوئی‘ راہول گاندھی کو پارٹی صدر بننے کے لیے منانے کوشاں: سلمان خورشید

سلمان خورشید نے کہا کہ کئی لوگوں نے یہ خیال ظاہر کیا ہے، کئی لوگوں نے قراردادوں کے ذریعہ، کچھ نے دیگر طریقے سے۔ میرا ماننا ہے کہ جو بھی کوششیں کی جارہی ہیں ہم ان کی پوری حمایت کرتے ہیں۔

بنگلورو: کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ راہول گاندھی کو پارٹی کی ”بھارت جوڑو یاترا“ کے دوران حاصل ہورہا ردعمل کانگریس صدر کے عہدہ پر ان کی واپسی کے لیے منانے کی ایک صحیح وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہر کوئی“ راہول کو یہ عہدہ قبول کرنے کے لیے  منانے کی کوشش کررہا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کانگریس صدر کا انتخاب اتفاق رائے سے کیے جانے کی حمایت بھی کی۔ خورشید نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ”اگر راہول گاندھی کو منانے کے لیے کوئی آخری کوششیں کی جارہی ہیں تو ہم ان کوششوں کی پوری حمایت کرتے ہیں۔

“ مختلف ریاستی کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے صدارتی عہدہ کے لیے راہول گاندھی کے نام کی تائید کرنے کے سوال پر سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ عام رائے، عام جذبہ و احساسات ہیں۔

“ انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے یہ خیال ظاہر کیا ہے، کئی لوگوں نے قراردادوں کے ذریعہ، کچھ نے دیگر طریقے سے۔ میرا ماننا ہے کہ جو بھی کوششیں کی جارہی ہیں ہم ان کی پوری حمایت کرتے ہیں اور سچ کہوں تو ان کی پدیاترا کو مل رہا لوگوں کا اچھا ردعمل، صدارتی عہدہ پر ان کی واپسی کے لیے منانے کی ایک جائز وجہ ہے۔

“ کانگریس صدر کے عہدہ پر راہول گاندھی کی عدم دلچسپی کے سوال پر خورشید نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم اب بھی (انہیں منانے کی) کوشش کررہے ہیں۔“ راہول گاندھی کے پارٹی کے لیے ”سب سے بہتر متبادل“ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے ہمیشہ بہتر راستہ ہوتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ”اگر یہ (انتخاب) ناگزیر ہے تو ناگزیر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ مان جائیں گے۔“ کانگریس کی مرکزی انتخابی اتھارٹی جمعرات کو اے آئی سی سی کے صدارتی عہدہ کے انتخاب کے لیے اعلامیہ جاری کرے گی۔