کھیل

سڑک حادثہ میں زخمی رشبھ پنت کی حالت بہتر

اسپتال نے بتایا کہ پنت کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کی ایم آر آئی رپورٹ نارمل آئی ہے۔ جمعہ کو ان کے چہرے کی پلاسٹک سرجری ہوئی ہے۔ پنت کے گھٹنے اور ٹخنے کا ایم آر آئی درد اور سوجن کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

دہرادون: سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے 25 سالہ کرکٹر رشبھ پنت کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ میکس اسپتال نے جمعہ کی شام میڈیکل بلیٹن جاری کرکے یہ اطلاع دی۔

اسپتال نے بتایا کہ پنت کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کی ایم آر آئی رپورٹ نارمل آئی ہے۔ جمعہ کو ان کے چہرے کی پلاسٹک سرجری ہوئی ہے۔ پنت کے گھٹنے اور ٹخنے کا ایم آر آئی درد اور سوجن کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں ٹیسٹ ہفتہ کو ہوں گے۔

یہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے پنت کے حادثے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ حادثے میں کرکٹر رشبھ پنت کے زخمی ہونے سے میں دکھی ہوں۔ میں ان کی اچھی صحت کے لیے دعا گو ہوں۔ وزیراعظم نے پنت کی والدہ سے فون پر بات کی اور ان کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہیں علاج کے لیے روڑکی سے دہرادون لے جایا گیا ہے۔ وہ یہاں میکس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔