شمالی بھارت

عمرقید کے مجرم سابق بی جے پی رکن اسمبلی جیل سے رہا

اترپردیش کے سابق بی جے پی رکن اسمبلی اودئے بھان کرواریہ کو گورنر آنندی بین پٹیل کی جانب سے معافی دئے جانے کے بعد آج جیل سے رہا کردیا گیا۔

پریاگ راج (یوپی):اترپردیش کے سابق بی جے پی رکن اسمبلی اودئے بھان کرواریہ کو گورنر آنندی بین پٹیل کی جانب سے معافی دئے جانے کے بعد آج جیل سے رہا کردیا گیا۔ انہیں ایک سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی کے 1996ء میں قتل کے سلسلہ میں سزائے عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی۔

نینی سنٹرل جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ رنگ بہادر پٹیل نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اودئے بھان کی رہائی کے احکام چہارشنبہ کی شام موصول ہوئے۔ اِن احکام پر عمل کرتے ہوئے انہیں آج صبح رہا کردیا گیا۔

گورنر نے انہیں دستور کی دفعہ 161کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کرواریہ کی قبل از وقت رہائی کے لئے ریاستی حکومت کی سفارشات قبول کرلی تھیں اور ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

پریاگ راج کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ضلع مجسٹریٹ نے جیل میں کرواریہ کے بہتر رویہ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی رہائی کی سفارش کی تھی۔ معافی کا حکم گزشتہ ہفتہ جاری کیا گیا تھا۔

پریاگ راج کے ایک ایڈیشنل سیشن جج نے 1996ء میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی جواہر یادو کے قتل کے جرم میں کرواریہ کو4نومبر 2019ء کو سزائے عمر قید سنائی تھی۔

یادو کو پریاگ راج میں گولی ماردی گئی تھی اور کرواریہ، ان کے بھائیوں کپل منی کرواریہ، سورج بھان کرواریہ کے علاوہ ایک اور شخص کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔

a3w
a3w