مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین کو معیاری رہائش کی فراہمی کے اقدامات

معاون سیکریٹری کے مطابق اس پروگرام کے تحت کارکنان کی اجتماعی رہائش کے حوالے سے پرمٹ پلیٹ فارم کا اجرا اور کاروباری مراکز میں اجتماعی رہائش کی منصوبہ بندی کے ضوابط شامل ہیں۔

ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین اور ورکرس کی معیاری رہائش کے حوالے سے متعدد نئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سعودی وزارت بلدیات و دیہی آباد کاری کے مطابق غیرملکی کارکنان کی موزوں اور معیاری رہائش کے لئے نئے اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ اخبار 24 کے مطابق وزارت کے معاون سیکریٹری انجینیئر حسن زین الدین نے کہا ہے کہ ورکرس کی مناسب اور موزوں رہائش کے لئے 22 اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ملازمین کو معیاری رہائش، مثالی ماحول مہیا کرنا اور اس حوالے سے ضروری ضابطہ سازی ہے۔

معاون سیکریٹری کے مطابق اس پروگرام کے تحت کارکنان کی اجتماعی رہائش کے حوالے سے پرمٹ پلیٹ فارم کا اجرا اور کاروباری مراکز میں اجتماعی رہائش کی منصوبہ بندی کے ضوابط شامل ہیں۔

سرمایہ کاری کے امکانات اور اہم شہروں میں بیچلرز کے لئے اجتماعی رہائش کا اہتمام بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ فی الوقت بیچلرز کے لئے مہیا عمارتوں سے متعلق کرائے کے معاہدے کو بہتر بنانا ہے تاکہ انھیں مثالی شکل دی جاسکے۔

وزارت بلدیات کے مطابق اس پروگرام کو دس سرکاری ادارے چلا رہے ہیں۔