حیدرآباد

حیدرآباد میں جعلی کراچی مہندی بنانے والی فیکٹری بے نقاب، 8 لاکھ روپے کا سامان ضبط، دو افراد گرفتار

اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جو حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں اصل برانڈ کے نام پر جعلی مہندی فروخت کر رہے تھے۔

حیدرآباد میں عوام کو دھوکہ دینے والی ایک بڑی کارروائی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں کمشنر ٹاسک فورس (ساؤتھ ایسٹ زون) نے جعلی کراچی مہندی کونز تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری کا پردہ فاش کرتے ہوئے تقریباً 8 لاکھ روپے مالیت کا نقلی سامان اور مشینری ضبط کر لی۔ اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جو حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں اصل برانڈ کے نام پر جعلی مہندی فروخت کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی 13 جنوری 2026 کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ ٹاسک فورس ٹیم نے بالاپور پولیس اور افضل گنج پولیس کے تعاون سے بیک وقت مینار کالونی، بالاپور میں واقع فیکٹری اور ایس کے ایس ٹریولس اینڈ کارگو، افضل گنج پر چھاپے مارے، جہاں جعلی مہندی کی تیاری اور سپلائی کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف (48 سال) ساکن بالاپور، جو جعلی مہندی بنانے والا مینوفیکچرر ہے، اور دیپک کمار (25 سال) ساکن گولگڈہ، جو ہول سیلر اور سپلائر کے طور پر کام کر رہا تھا، کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد آصف پہلے بغیر برانڈ کے مہندی تیار کرتا تھا، مگر منافع کم ہونے پر اس نے مشہور برانڈ کی مانگ دیکھتے ہوئے جعلی کراچی مہندی بنانا شروع کر دیا۔

چھاپے کے دوران پولیس نے 8400 جعلی کراچی مہندی کونز، مہندی بھرنے کی مشین، مکسر، ہیٹنگ چولہے، تولنے کی مشین، کیمیکل، رنگ، پیکنگ میٹریل، کراچی کے نام سے چھپے ڈبے، خالی کونز اور موبائل فونز ضبط کیے۔ ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ جعلی مہندی نجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے دکانوں تک پہنچائی جا رہی تھی اور اصل پراڈکٹ کے طور پر فروخت کی جا رہی تھی، جس سے نہ صرف عوام کو مالی نقصان ہو رہا تھا بلکہ صحت کو بھی شدید خطرات لاحق تھے۔ دونوں ملزمان اور ضبط شدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔