کسان کی خودکشی، دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج (ویڈیو)
سابق متحدہ ضلع عادل آباد میں ایک کسان کی خودکشی کے دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے تلنگانہ کی حکمراں جماعت کانگریس کے خلاف غم وغصہ کی لہر دوڑادی ہے۔
حیدرآباد: سابق متحدہ ضلع عادل آباد میں ایک کسان کی خودکشی کے دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے تلنگانہ کی حکمراں جماعت کانگریس کے خلاف غم وغصہ کی لہر دوڑادی ہے۔
50 سالہ ایک قبائلی کسان جادو دیو راؤ نے ہفتہ کے روز عادل آباد میں ایک نجی بینک میں زہر کھا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کسان، بڑھتے مالیاتی دباؤ اور کانگریس حکومت کے وعدوں کی عدم تکمیل سے سخت دلبرداشتہ تھا۔
سوشل میڈیا پر ان سی سی ٹی وی فوٹیج کو شیئر کرتے ہوئے بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے کہا کہ یہ واقعہ کانگریس حکومت کی انتظامیہ کی ناکامی کا تباہ کن ثبوت ہے۔ انہوں نے کسان کی خودکشی کو ریاستی حکومت کی جانب سے ایک کاشتکار کا دن دہاڑے قتل قرار دیا۔ کے ٹی آر نے کانگریس قائد راہول سے یہ بات کہی۔
دیوراؤ کا خاندان جس میں اس کی بیمار اہلیہ جو گردے کی مریضہ ہے اور بیٹا شامل ہے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگیاہے۔ حکومت کے بار بار وعدوں کے باوجود رعیتو بھروسہ کے تحت فی ایکڑ 15 ہزار روپے کی مالی امداد نہ ملنے سے کسان، سخت مایوس ہوگیا تھا۔ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آپ (حکومت) ناکام ہوچکے ہیں۔
یہ ویڈیو، آپ کے وعدوں کی عدم تکمیل کا واضح ثبوت ہے۔40 فیصد کسانوں کو بھی2لاکھ روپے کے قرض معافی کی رقم نہیں ملی جبکہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ تمام کسانوں کے 2لاکھ روپے کا قرض معاف کردیا گیا ہے۔