کھیل

تیز گیندباز محمد عرفان نے بھی بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

محمد عرفان نے آخری بار آسٹریلیا کے خلاف 2019 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اسلام آباد: تیزگیندباز محمد عامر، آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد پاکستان کی ٹیم کے تیزگیندباز محمد عرفان نے بھی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ دراز القامت فاسٹ باؤلر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر کیا۔

متعلقہ خبریں
چہل کی بیوی بھی سلکٹرس سے ناراض
گوالیار میں 14 برس بعد بین الاقوامی میاچ
پاکستان کی بسمہ معروف نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیا
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں ایشان کشن کو موقع ملنے کا امکان
آسٹریلیا کے شان مارش کرکٹ سے سبکدوش

انہوں نے جاری پیغام میں کہا کہ ’ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز کی جانب سے حمایت پر شکرگزار ہوں، کریئر کے دوران دی جانے والی محبتوں، خوشیوں اور ناقابل فراموش یادوں کے لیے آپ کا شکریہ، پاکستان زندہ باد۔’

محمد عرفان نے آخری بار آسٹریلیا کے خلاف 2019 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ’ایکس‘ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے الوادعی پیغام میں کہا تھا کہ ’پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا درست وقت ہے۔‘

واضح رہے کہ عماد وسیم گزشتہ سال نومبر میں اور محمد عامر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔تاہم دونوں کھلاڑیوں نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی جس پر دونوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا اور انہوں نے آخری مرتبہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، تاہم وہ ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عامر اور عماد کا پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کے لیے تہہ دل سے شکرگزار ہیں اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘

32 سالہ محمد عامر نے جون 2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں۔فاسٹ باؤلر محمد عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے۔