باپ کی خاموش قربانی، سڑک کنارے ہاتھوں میں کھلونوں کی ٹوکری اور قدموں سے لپٹا معصوم بچہ (ویڈیو وائرل)
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو نے دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کردیئے۔ یہ صرف اٹھارہ سیکنڈ کی کوئی عام ویڈیو نہیں اور نہ ہی یہ کوئی اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو ہے، بلکہ یہ ایک سچی اور حقیقی کہانی ہے جو ایک باپ کی خاموش قربانی کو دنیا کے سامنے رکھ دیتی ہے۔
حیدرآباد: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو نے دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کردیئے۔ یہ صرف اٹھارہ سیکنڈ کی کوئی عام ویڈیو نہیں اور نہ ہی یہ کوئی اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو ہے، بلکہ یہ ایک سچی اور حقیقی کہانی ہے جو ایک باپ کی خاموش قربانی کو دنیا کے سامنے رکھ دیتی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے لاکھوں دلوں کو چھو لیا ہے اور لوگوں کی آنکھیں نم کر دی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کے کنارے ایک غریب باپ کھلونوں کی ٹوکری لیے کھڑا ہے۔ تیز دھوپ ہو یا شام کی تھکن، وہ اپنی محنت سے روزی کمانے میں مصروف ہے۔
اسی دوران اس کے قدموں کے پاس اس کا ننھا سا بیٹا سو رہا ہے، جو اپنے باپ کے پاؤں کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہے، جیسے اس کے لیے پوری دنیا کی حفاظت اسی ایک سہارے میں سمٹ آئی ہو۔
یہ معصوم بچہ شاید نہیں جانتا کہ اس کے باپ کے کندھوں پر کتنے دکھوں اور ذمہ داریوں کا بوجھ ہے، اور نہ ہی اسے اندازہ ہے کہ اس کے باپ نے اپنے خواب قربان کر کے اس کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کیا ہے۔ مگر پھر بھی وہ اپنے باپ کے قدموں سے لپٹا ہوا سکون کی نیند سو رہا ہے، جیسے کہہ رہا ہو کہ "ابا، آپ ہو تو سب کچھ ہے۔”
یہ منظر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک باپ کی زندگی کتنی سخت اور جدوجہد سے بھری ہوتی ہے۔ وہ دھوپ میں جلتا ہے، پسینے میں بھیگتا ہے، مگر اپنے بچے کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے کے لیے ہر دکھ سہہ لیتا ہے۔
یہ ویڈیو صرف ایک منظر نہیں بلکہ ہر اس باپ کی کہانی ہے جو خاموشی سے اپنے بچوں کے لیے جیتا ہے اور اپنی خوشیاں ان کے قدموں میں رکھ دیتا ہے۔