کے ٹی راما راو کے خلاف ایف آئی آردرج
کانگریس کے رکن کونسل بی وینکٹ نے حیدرآباد سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ کے ٹی آر نے وزیراعلی ریونت ریڈی کے خلاف غیر شائستہ اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیر اور بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ کو ایک اور سیاسی جھٹکا لگا ہے۔
کانگریس کے رکن کونسل بی وینکٹ نے حیدرآباد سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ کے ٹی آر نے وزیراعلی ریونت ریڈی کے خلاف غیر شائستہ اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔
پولیس نے اس شکایت کو قبول کرتے ہوئے کے ٹی آر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 353(2) اور 352 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ کے ٹی آر نے میڈیا کے سامنے وزیراعلی کی عزت و وقار کو مجروح کرنے والی باتیں کیں۔
بی وینکٹ کا الزام ہے کہ کے ٹی آر کا رویہ ریاست تلنگانہ کی پرامن فضا کو خراب کرنے والا ہے، اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔
اسی کے تحت انہوں نے سائبر کرائم پولیس کو باقاعدہ تحریری شکایت بھی دی ہے۔ذرائع کے مطابق سی سی ایس پولیس نے کے ٹی آر کے خلاف کیس درج کرلیا ہے اور انہیں نوٹس جاری کرنے کی تیاری میں ہے۔