محمد اظہر الدین کے خلاف ایف آئی آر درج
شائقین کا الزام ہے کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کی جا رہی ہے۔
حیدرآباد: ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان اتوار کو یہاں کھیلے جانے والے ٹی20 کرکٹ میچ کے ٹکٹس کی فروخت کے دوران بھگدڑ کے واقعہ میں پولیس نے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر محمد اظہر الدین اور دیگر عہدیداروں کے خلاف تین الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔
پولیس نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ کرکٹ شائقین کی شکایت پر مقامی پولیس نے جمعرات کی رات ایف آئی آر درج کی۔ شائقین کا الزام ہے کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کی جا رہی ہے اور کرکٹ ایسوسی ایشن اس معاملے میں لاپرواہی برت رہی ہے۔
یہ بھی الزام ہے کہ سکندرآباد کے جم خانہ گراؤنڈ میں ٹکٹ فروخت کرنے والے مرکز میں انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے تھے جہاں پر انتشار پسند عناصر کا غلبہ تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت کے دوران بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی جس میں دو خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ ہندوستان آسٹریلیا میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، حالانکہ اس کے لئے کوئی ڈیٹا عام نہیں کیا گیا تھا، جس کے بعد ٹکٹوں کی فروخت پر بحث شروع ہوگئی ہے۔