قومی

یوٹیوبر ایلوش یادو کے مکان پر فائرنگ

نامعلوم حملہ آوروں نے ہریانہ کے گروگرام میں اتوار کی صبح متنازعہ یوٹیوبر ایلوش یادو کے مکان پر گولیاں چلائیں۔ پو ش علاقہ میں افراتفری پھیل گئی۔

گروگرام (آئی اے این ایس) نامعلوم حملہ آوروں نے ہریانہ کے گروگرام میں اتوار کی صبح متنازعہ یوٹیوبر ایلوش یادو کے مکان پر گولیاں چلائیں۔ پو ش علاقہ میں افراتفری پھیل گئی۔

پولیس نے بتایا کہ صبح 5:30 اور 6بجے کے درمیان موٹر سائیکل سوار بندوق برداروں نے یادو کے مکان پر 24گولیاں چلائیں اور فرار ہوگئے۔ گولیاں مکان کی زیریں اور پہلی منزل میں لگی۔ بگ پاس او ٹی ٹی ونر ایلوش یادو جو دوسری اور تیسری منزل میں رہتے ہیں اس وقت مکان میں موجود نہیں تھے۔

ان کے کیرٹیکر اور بعض ارکانِ خاندان موجود تھے جنہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس ٹیمیں فوری وہاں پہنچ گئیں اور انہوں نے فارنسک ثبوت اکٹھاکیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالا جارہا ہے۔ یادو کی فیملی کی طرف سے شکایت درج کرانے کے بعد مزید تحقیقات ہوں گی۔ یوٹیوبر کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قبل انہیں کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔ ایلوش یادو فی الحال کام کے سلسلہ میں ہریانہ سے باہر ہے۔

تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حملہ تین افراد نے کیا جو موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ اِن کی تلاش میں کئی ٹیمیں مصروف ہیں۔ حملہ کے چند گھنٹے بعد ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ”بھاؤگینگ“ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ اِس پوسٹ میں 2بندوقوں کی تصویر لگی ہے اور بھاؤ گینگ سِنس 2020 لکھا ہے۔

پوسٹ میں حملہ کو ایلوش یادو کے غیرقانونی بیٹنگ ایپس کو پروموٹ کرنے سے جوڑا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ اِس گینگ کا سربراہ پرتگال میں مقیم جرائم پیشہ سرغنہ ہیمانشو بھاؤ ہے۔ پوسٹ میں گینگ کے مبینہ ارکان نے لکھا کہ آج ایلوش یادو کے مکان پر ہم نے نیرج فریدپور اور بھاؤ ریتولیا نے گولیاں چلائیں۔ آج ہم نے خود کو متعارف کرایا ہے۔

ایلوش یادو نے بیٹنگ کو پروموٹ کرکے کئی گھر برباد کردئے۔ ہم سوشل میڈیا کے ان سارے کیڑوں کو خبردار کررہے ہیں کہ اِن میں اگر کوئی بیٹنگ کو پروموٹ کرتا پایا گیا تو اسے کسی بھی وقت کال آئے گی یا گولی چلے گی۔ بیٹنگ کے دھندے میں جو لوگ ہیں وہ تیار رہیں۔ سرکاری طور پر اِس آن لائن دعوے کی توثیق نہ ہوسکی۔ پی ٹی آئی کے بموجب گروگرام کے سیکٹر 57میں دونقاب پوش افراد نے یوٹیوبر ایلوش یادو کے مکان کے باہر فائرنگ کی۔

یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ موٹر سائیکل پر دو نقاب پوش پہنچے اور انہوں نے تھوڑے فاصلہ سے گولیاں چلائیں۔ یہ واقعہ 5:30بجے کے آس پاس پیش آیا۔ بھاؤ گینگ نے اس کی ذمہ داری قبول کرلی۔ جولائی میں ہریانوی گلوکار راہول فاضل پوریا پر حملہ ہوا تھا۔ وہ اس وقت موضع فاضل پور جارہا تھا۔ کچھ لوگوں نے جو ٹاٹا پنچ کار میں سوار تھے راستہ روک کر گولیاں چلائی تھیں۔ یہ کار کرایہ پر لی گئی تھی جسے پولیس نے ضبط کرلیا۔