دہلی میں شدید سردی اور کہرے کے سبب پروازیں متاثر، اے کیو آئی خراب زمرے میں
قومی دارالحکومت دہلی اور قرب و جوار میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے اور کہرے کے سبب کئی پروازیں متاثر رہیں۔ دارالحکومت میں ہوا کا معیار پیر کی صبح بھی خراب زمرے میں درج کیا گیا اور فضائی آلودگی کے معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 298 ریکارڈ کیا گیا۔
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی اور قرب و جوار میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے اور کہرے کے سبب کئی پروازیں متاثر رہیں۔ دارالحکومت میں ہوا کا معیار پیر کی صبح بھی خراب زمرے میں درج کیا گیا اور فضائی آلودگی کے معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 298 ریکارڈ کیا گیا۔
اتوار کے روز اے کیو آئی 291 تھا، تاہم شہر کے بعض حصوں میں اشاریہ بہت خراب زمرے میں پہنچ گیا، جس میں پُوسا میں سب سے زیادہ 343 درج کیا گیا۔
اتوار کی رات سرد لہر کی شدت بڑھنے سے شہر کے بڑے حصے میں سخت سردی رہی جس کے سبب کم از کم درجۂ حرارت تین ڈگری کے قریب پہنچ گیا۔ہندوستانی محکمۂ موسمیاتِ (آئی ایم ڈی) کے مطابق آیا نگر قومی دارالحکومت خطہ سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجۂ حرارت 2.9 ڈگری سیلسیئس تک گر گیا۔
پالم میں درجۂ حرارت 3.0 ڈگری سیلسیئس تک گر گیا، جو حالیہ برسوں کے کم ترین درجۂ حرارت میں سے ایک ہے۔
صفدرجنگ میں اتوار کی رات کم از کم درجۂ حرارت 4.8 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا محکمۂ موسمیات کے مطابق آج رات اس کے مزید کم ہو کر تقریباً تین ڈگری سیلسیئس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اس دوران رج آبزرویٹری میں کم از کم درجۂ حرارت 3.7 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ شہر کے کئی حصوں میں گھنے سے ہلکے کہرے کی چادر چھائی رہی، جس سے حدِ نگاہ کم ہو گئی اور اہم نقل و حمل کے راستوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی۔