جموں میں کم روشنی سے پروازیں ملتوی، وزیر اعلیٰ کو بھی روڈ سے سفر کرنا پڑا
ادھر کم روشنی کی وجہ سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی پیر کی صبح جموں کا سفر بذریعہ روڈ کرنا پرا۔
جموں: جموں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پیر کو کم روشنی کے باعث پروازیں معطل ہونے سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سرمائی دارلحکومت کا روڈ سے سفر کرنا پڑا۔
حکام نے بتایا کہ جموں ہوائی اڈے کی طرف شام کی تمام پروازیں اتوار کو منسوخ کر دی گئی تھیں جبکہ کم روشنی کی وجہ سے آج صبح پروازوں کے آنے اور روانگی دونوں میں تاخیر ہوئی ہے۔
ادھر کم روشنی کی وجہ سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی پیر کی صبح جموں کا سفر بذریعہ روڈ کرنا پرا۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ’جموں میں کم روشنی کا مطلب اچانک اور آخری لمحے میں بذریعہ سڑک سفر کرنا پڑا‘۔
انہوں نے کہا: ’کل جموں سے کوئی پرواز باہر نہیں جاسکی نہ کوئی پرواز جموں آ سکی، اس لیے مجھے سرمائی دارالحکومت کا سفر روڈ سے اختیار کرنا پڑا‘۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک اور پوسٹ میں کہا: ’سرکاری رہائش گاہ کی بالکونی سے کم روشنی کو دیکھ کر مجھے نہیں لگتا کہ آج بھی کسی بھی وقت پروازیں اٹھ سکتی ہیں، کہرے میں بمشکل ہی ہم سورج کو دیکھ سکتے ہیں‘۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگرچہ23 نومبر تک موسم میں بڑے پیمانے پر کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہئے تاہم صبح اور شام کے وقت دھند چھائی رہ سکتی ہے۔