شدید بارش کے بعد حیدرآباد کے ذخائر آب میں سیلاب کی وارننگ
حکام نے جمعہ کے روز شہر حیدرآباد کے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) اور حمایت ساگر میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے اور بتایا کہ اوپر ی علاقوں میں زبردست بارش کے بعد ان دو ذخائر آب میں بھاری پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حیدرآباد (آئی اے این ایس) حکام نے جمعہ کے روز شہر حیدرآباد کے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) اور حمایت ساگر میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے اور بتایا کہ اوپر ی علاقوں میں زبردست بارش کے بعد ان دو ذخائر آب میں بھاری پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ان دوذخائر آب کے دروازے کھولتے ہوئے فاضل پانی کو موسیٰ ندی میں خارج کررہا ہے۔ حکام نے ندی کے کناروں مقیم افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ آج صبح9بجے عثمان ساگر میں پانی کی سطح ایف ٹی ایل (فل ٹینک لیول)1790 فیٹ کے برخلاف 1789.50 فیٹ درج کی گئی ہے۔
گنڈی پیٹ میں پانی کا بہاؤ2300 کیوزسک اور اخراج2028 کیوزسک نوٹ کیا گیا جبکہ حمایت ساگر کی سطح آب ایف ٹی ایل 1763.50 فیٹ کے برخلاف 1762.50 فیٹ رہی۔ حمایت ساگر میں انفلو اور آوٹ فلو بالترتیب5,500 اور 5215 کیوزسکس درج کی گئی۔
حکام، عثمان ساگر کے 6 دروازوں کو 3 فیٹ تک اوپر اٹھاتے ہوئے فاضل پانی کو نچلے علاقہ میں خارج کررہے ہیں جبکہ حمایت ساگر کے 3دروازوں کو 4فیٹ اوپر اٹھاتے ہوئے سیلابی پانی کو موسیٰ ندی میں چھوڑ ا جارہا ہے۔ حمایت ساگر کے گیٹس کو اوپر اٹھانے کے پیش نظر سائبر آباد ٹرافک پولیس نے سرویس روڈ اکزٹ نمبر17 کو بند کردیا ہے۔
شمس آباد سے آنے والی اور کچی باؤلی کی سمت جانے والی ٹرافک کے رخ کو اگزٹ 17 کے ذریعہ قسمت پور، بنڈلہ گوڑہ اور ٹی جی پی اے جنکشن کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ واپسی کی سمت کی ٹرافک کو لارڈز کالج، قسمت پور، بدویل اور آرام گھر کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹرافک پولیس نے مسافروں سے خواہش کی کہ وہ ٹرافک ڈئیوریشن پر عمل کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ دریں اثنا دوسرے دن بھی جمعہ کے روز تلنگانہ کے کئی حصوں میں شدید بارش ہوئی جس کے سبب عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ ہنمکنڈہ کریم نگر اور میدک اضلاع میں شدید بارش ہوئی ہے۔
چند مقامات پر نالے، ندیاں ابل پڑی ہیں جس کے نتیجہ میں نشیبی علاقے جہاں زیر آب آگئے وہیں گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ ضلع یدادری بھونگیر میں ناگی ریڈی پلی کے مقام پر کم اونچائی کے برج کے اوپر سے پانی بہنے سے بھونگیر۔ چٹیال سڑک کو ٹرافک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کو ریاست تلنگانہ میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شدید بارش کی پیش قیاسی پر حیدرآباد اور پوری ریاست میں انتظامیہ کو پانی سے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ بھاری بارش کی پیش قیاسی کے بعد چیف منسٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ خستہ حال مکانات میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔