حیدرآباد

حیدرآباد کے مشہور ریسٹورنٹس میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، کئی مقامات پر خلاف ورزیاں سامنے آئیں

تلنگانہ اسٹینڈرڈز اتھارٹی فار فوڈ اینڈ ایسینشل ڈرگس (TG SAFE) کی فوڈ سیفٹی ٹیموں اور پولیس نے حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں واقع کئی معروف ریسٹورانٹس میں خصوصی معائنہ کیا، جس کے دوران بعض مقامات پر فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹینڈرڈز اتھارٹی فار فوڈ اینڈ ایسینشل ڈرگس (TG SAFE) کی فوڈ سیفٹی ٹیموں اور پولیس نے حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں واقع کئی معروف ریسٹورانٹس میں خصوصی معائنہ کیا، جس کے دوران بعض مقامات پر فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

چھ ٹیموں نے بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، ٹولی چوکی اور گچی باولی کے علاقوں میں واقع چٹنیز، اسپائس 6، اوہریس، دی اسپائس وینیو، 4 سیزنز ملٹی کُزین، شاہ گاؤس اور پستہ ہاؤس سمیت کئی ریسٹورانٹس کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران حکام نے بعض ریسٹورانٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المیعاد غذائی اشیاء، کھانے پینے کی اشیاء کی غیر مناسب ذخیرہ اندوزی اور ہینڈلنگ، خراب سبزیوں کی موجودگی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔

اس کے علاوہ ایف ایس ایس لیبلنگ اور ڈسپلے ضوابط کی خلاف ورزی اور بعض مقامات پر کیڑوں کی موجودگی بھی سامنے آئی۔

حکام کے مطابق ملاوٹ کے شبہ میں 11 غذائی نمونے حاصل کیے گئے ہیں، جنہیں مزید جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔

خلاف ورزیوں کے پیش نظر 4 امپروومنٹ نوٹس اور 3 شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ حکام نے حیدرآباد میں بعض خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورانٹس کے کاروباری آپریشنز معطل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے اور انہیں فوری طور پر کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

TG SAFE کے انفورسمنٹ ونگ نے پولیس کے تعاون سے یہ خصوصی کارروائی کی۔ حکام نے واضح کیا کہ معائنے کے نتائج اور حاصل کیے گئے غذائی نمونوں کی لیبارٹری رپورٹس کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔