تلنگانہ کے گروکل، ہاسٹلس اور کستوربا ودیالیاؤں میں غذائی اجناس کی قلت، طلبہ کے کھانے کا نظام متاثر
تلنگانہ کے سرکاری گروکل اسکولوں، ہاسٹلس اور کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیاؤں میں غذائی اجناس کی قلت کے باعث طلبہ کو کھانا فراہم کرنے کا نظام متاثر ہوگیا ہے۔ ضروری اشیائے خوردونوش کی بروقت سربراہی نہ ہونے سے مقررہ مینو پر عمل درآمد بھی ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سرکاری گروکل اسکولوں، ہاسٹلس اور کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیاؤں میں غذائی اجناس کی قلت کے باعث طلبہ کو کھانا فراہم کرنے کا نظام متاثر ہوگیا ہے۔ ضروری اشیائے خوردونوش کی بروقت سربراہی نہ ہونے سے مقررہ مینو پر عمل درآمد بھی ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹھیکہ دار کی جانب سے مقررہ وقت پر دال کی سربراہی نہ کیے جانے کے باعث اس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ دیگر ضروری اشیاء کی قلت نے بھی کھانے کی تیاری میں مشکلات پیدا کردی ہیں۔
صورتحال یہ ہے کہ کھانا تیار کرنے والا عملہ اداروں میں اس وقت دستیاب اشیاء سے ہی کھانا تیار کرنے پر مجبور ہے۔ اس کے نتیجے میں طلبہ کو مقررہ مینو کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔
غذائی اجناس کی سربراہی میں مسلسل تاخیر سے طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار اور غذائیت کے حوالے سے بھی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ محدود وسائل کے ساتھ روزانہ کھانا تیار کرنا کچن عملے کے لیے بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غذائی اجناس کی قلت کا فوری نوٹ لیتے ہوئے ٹھیکہ داروں کے ذریعہ ضروری اشیاء کی بروقت سربراہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری اور مقررہ مینو کے مطابق کھانا فراہم کیا جاسکے۔