طلبہ کی حاضری 95 فیصد سے زائد ہونے پر ہی اساتذہ کو چھٹی، حیدرآباد کلکٹر کے احکامات پر ناراضگی
حیدرآباد ضلع کی کلکٹر پرینکا کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی چھٹیوں کو طلبہ کی حاضری سے مشروط کرنے اور منظوری کے لیے ایڈیشنل کلکٹر سے رجوع کرنے کے احکامات پر اساتذہ اور ان کی تنظیموں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد ضلع کی کلکٹر پرینکا کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی چھٹیوں کو طلبہ کی حاضری سے مشروط کرنے اور منظوری کے لیے ایڈیشنل کلکٹر سے رجوع کرنے کے احکامات پر اساتذہ اور ان کی تنظیموں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ، ہیڈ ماسٹرس اور دیگر عہدیداروں کو چھٹی حاصل کرنے کے لیے ایڈیشنل کلکٹر سے منظوری لینی ہوگی۔ اس کے علاوہ فیشل ریکگنیشن سسٹم (FRS) کے تحت طلبہ کی حاضری 95 فیصد سے زائد ہونے کی صورت میں ہی چھٹی منظور کی جائے گی۔
اس فیصلے سے حیدرآباد ضلع کے 672 سرکاری اسکولوں میں کام کرنے والے تقریباً 6,200 اساتذہ میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔
اساتذہ کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ضلع کے اسکولوں میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں، جو اپنے اپنے علاقوں کے تہوار مناتے ہیں۔ ایسے حالات میں روزانہ 95 فیصد سے زائد حاضری برقرار رکھنا مشکل ہے۔ اساتذہ کے مطابق اگر ایک یا دو طلبہ بھی مسلسل غیر حاضر رہیں تو حاضری کا تناسب متاثر ہوسکتا ہے۔
اساتذہ نے اس بات پر بھی اعتراض کیا ہے کہ ان کی ذاتی اور ہنگامی چھٹیوں کو طلبہ کی حاضری سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی طبی یا دیگر ہنگامی صورتحال میں ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات کرکے چھٹی کی درخواست پیش کرنا عملی طور پر دشوار ہوگا۔
اساتذہ کی تنظیموں نے کلکٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان احکامات کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پابندیاں سرکاری اسکولوں کے عملے کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کریں گی۔