حیدرآباد ایئرپورٹ پر 1.56 کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی ضبط، دو مسافر گرفتار
ڈی آر آئی کے مطابق، ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران دونوں مسافروں کے ٹرالی بیاگس میں کپڑوں کے درمیان چھپا کر رکھی گئی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ ضبط شدہ کرنسی میں 1,64,200 امریکی ڈالر، 3,773 ملائیشین رنگٹ اور 2 سنگاپور ڈالر شامل ہیں۔
حیدرآباد: ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1.56 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی ضبط کرلی اور اس معاملے میں دو ہندوستانی مسافروں کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں مسافر ایئر ایشیا کی پرواز AK-68 کے ذریعے کوالالمپور جانے والے تھے۔
ڈی آر آئی کے مطابق، ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران دونوں مسافروں کے ٹرالی بیاگس میں کپڑوں کے درمیان چھپا کر رکھی گئی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ ضبط شدہ کرنسی میں 1,64,200 امریکی ڈالر، 3,773 ملائیشین رنگٹ اور 2 سنگاپور ڈالر شامل ہیں۔
مرد مسافر سے پوچھ گچھ پر خاتون کا پتہ چلا
حکام کے مطابق، پہلے ایک مرد مسافر کو روکا گیا، جس کے قبضے سے تقریباً 63.62 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ اس سے پوچھ گچھ کے دوران اسی پرواز سے سفر کرنے والی ایک خاتون مسافر کا بھی پتہ چلا، جس کی بکنگ الگ پی این آر کے تحت کی گئی تھی۔
خاتون کے پاس سے 97,600 امریکی ڈالر برآمد ہوئے، جن کی مالیت تقریباً 91.94 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ڈی آر آئی حکام کے مطابق، دونوں مسافر غیر ملکی کرنسی کی قانونی خریداری اور اسے اپنے ساتھ لے جانے سے متعلق ضروری دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔
کسٹمز ایکٹ کے تحت کرنسی ضبط
حکام نے کسٹمز ایکٹ 1962 کی دفعات کے تحت غیر ملکی کرنسی کے ساتھ دونوں ٹرالی بیاگس بھی ضبط کرلیے ہیں۔
اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام ضبط شدہ کرنسی کے ذرائع اور اسے بیرون ملک لے جانے کی کوشش سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔