جرائم و حادثاتقومی

ویڈیو: بھیانک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت

اتر پردیش کے ہردوئی کے قریب گنگا ایکسپریس وے پر تیز رفتار ایس یو وی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں بارکلیز کمپنی کے عہدیدار، ان کی اہلیہ اور دو کمسن بچوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

اتر پردیش: اتر پردیش کے ہردوئی کے قریب گنگا ایکسپریس وے پر پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہوگئی۔ تیز رفتار ایس یو وی بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

مہلوکین کی شناخت سوربھ اپادھیائے (40)، ان کی اہلیہ مینکا (35) اور دو بیٹوں ویوم (7) اور شیوم (18 ماہ) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ سوربھ بارکلیز کمپنی میں اسسٹنٹ وائس پریسیڈنٹ کے عہدے پر فائز تھے۔

اطلاعات کے مطابق، پریاگ راج سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان بھائی دوج اور چھٹھ پوجا کی تقریبات میں شرکت کے لیے اپنے آبائی مقام واپس جا رہا تھا۔ اسی دوران ہردوئی کے قریب ان کی تیز رفتار ایس یو وی اچانک بے قابو ہوگئی اور سڑک کے درمیان موجود ڈیوائیڈر سے زور دار ٹکرا گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے وقت کار کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔ سوربھ خود گاڑی چلا رہے تھے، جبکہ ان کی اہلیہ اگلی نشست پر اور دونوں بچے پچھلی نشست پر سوار تھے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ چاروں افراد کو جان بچانے کا موقع تک نہیں ملا۔

بتایا جاتا ہے کہ سوربھ اپنے خاندان کے اکلوتے بیٹے تھے۔ اس حادثے نے پورے خاندان کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔